شانگلہ (ایجنسیاں)خیبرپختونخوا کے علاقے شانگلہ میں بشام کے مقام پر دہشت گردوں نے بارود سے بھری گاڑی چینی قافلے سے ٹکرادی ‘ خود کش حملے کے نتیجے میں5چینی انجینئرز ہلاک اوران کا پاکستانی ڈرائیورجاں بحق ہوگیا ‘واقعہ میں کئی افراد زخمی بھی ہوئے ‘ پولیس کے مطابق چینی انجینئرز قافلے کی شکل میں اسلام آباد سے داسو ڈیم کی جانب جا رہے تھے ‘ بشام کے علاقے میں رودکی کیچ کے مقام پر دوسری گاڑی میں سوار خود کش حملہ آور نے چائنیز کی گاڑی کو ٹکر ماری جس سے دھماکا ہوا اور گاڑی کھائی میں گر گئی‘دھماکے کے باعث گاڑی میں آگ لگ گئی تھی جسے بجھا دیا گیا ہے ۔بیجنگ نے پاکستان سے مطالبہ کیا کہ وہ حملے کی مکمل تحقیقات کر کے قصورواروں کو سخت سزا دےجبکہ منگل کو وزیر اعظم شہباز شریف نے اسلام آباد میں چینی سفارتخانہ کا دورہ کیا اور چین کے سفیر جیانگ زائیڈونگ سے بشام واقعے پر اظہار تعزیت کیا‘اس موقع پر شہبازشریف کا کہنا تھاکہ حکومت بشام واقعہ کی اعلیٰ سطح اور جلد تحقیقات کرکے ذمہ داران اور سہولت کاروں کو قرار واقعی سزا دے گی‘چین سے تعلقات کو نقصان پہنچانے کی کوششوں کو کامیاب نہیں ہونے دیں گے ‘ادھرپاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر)کا کہنا ہے کہ مسلح افواج دہشت گردی کو ہرقیمت پر ختم کرنے کیلئے پرعزم ہیں ۔تفصیلات کے مطابق پولیس کاکہنا ہے کہ بشام دھماکے میں مرنیوالوں میں چار چینی مرد ‘ ایک خاتون اوران کا پاکستانی ڈرائیورشامل ہے ۔ ریجنل پولیس چیف محمد علی گنڈاپور کے مطابق چینی انجینئرز اسلام آباد سے داسو میں اپنے کیمپ کی جانب جا رہے تھے‘دھماکے کے نتیجے میں 5 چینی باشندوں کے علاوہ ان کا ایک پاکستانی ڈرائیور بھی جان سے ہاتھ دھو بیٹھا۔ ریسکیوحکام کا کہنا ہے کہ دھماکے کے بعد بس کھائی میں گر گئی اور اس میں آگ لگ گئی ۔پولیس کے مطابق یہ ایک خودکش دھماکا تھا اور وہ شواہد اکٹھے کر رہے ہیں اور جائے وقوع پر سکیورٹی سخت کر دی گئی ہے ۔ اطلاعات کے مطابق گاڑی بشام سے نکلی تھی جب دوپہر ڈیڑھ بجے کے قریب یہ حملہ ہوا۔ دریں اثناء پاکستان میں چینی سفارتخانہ اور قونصل خانہ نے منگل کو اپنے بیان میں چینی انجینئرزکی گاڑی پر خود کش حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے پاکستان سے مطالبہ کیا کہ وہ حملے کی مکمل تحقیقات کر کے قصورواروں کو سخت سزا دے ۔علاوہ ازیں شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاک چین دوستی کو نقصان پہنچانے کی مذموم کوششوں کو کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔