اسلام آباد (فاروق اقدس) کاکول میں بین الاقوامی کھلاڑیوں کے فٹنس لیول کا ٹیسٹ کیا جائے گا۔ پاکستان کرکٹ بورڈ نے منگل کو کاکول، ایبٹ آباد میں شروع ہونے والے فٹنس کیمپ کے لیے 29 کھلاڑیوں کا اعلان کیا ہے۔ پی سی بی نے آرمی ٹریننگ کیمپ کے لیے 29 کھلاڑیوں کے نام پیش کئے ہیں جن میں کچھ غیر متوقع انتخاب ہیں۔ بورڈ پاکستان آرمی کے تعاون سے اس کیمپ کا انعقاد کر رہا ہے جس کا مقصد کھلاڑیوں کو آئندہ سیریز اور ٹورنامنٹس کے لیے تیار کرنا ہے، جس میں نیوزی لینڈ کے خلاف ہوم ٹی ٹوئنٹی سیریز، آئرلینڈ اور انگلینڈ کے خلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز اور امریکا میں ہونے والے آئی سی سی ٹوئنٹی 20 ورلڈ کپ سمیت ویسٹ انڈیز کے ساتھ سیریز شامل ہے۔ کیمپ 26 مارچ کو شروع ہو کر 8 اپریل کو اختتام پذیر ہو گا اور کیمپ کا فوکس ٹیم کی تیاری پر ہو گا ۔