اسلام آباد( تنویر ہاشمی ، مہتاب حیدر) ٹریک اینڈ ٹریس سسٹم نصب کرنیوالی کمپنیوں کے کنسورشیم نے ایف بی آر سے تمباکو کے شعبے میں ٹریک اینڈ ٹریس سسٹم میں سگریٹ کے فی پیک پر ٹیکس مہر ثبت کرنے کی قیمتوں میں 340فیصد اضافے کا مطالبہ کیا ہے، اس وقت ایک ہزار سگریٹ کے پیک پر مہر کی لاگت 758روپے ہےاب کمپنیوں نے فی ایک ہزار سگریٹ پر مہر ثبت کرنے کی قیمت 3335روپے کرنے کا مطالبہ کیا ہے، ٹریک اینڈ ٹریس سسٹم کی مہر پر آنیوالی لاگت سگریٹ مینوفیکچرر نے ادا کرنا ہوتی ہے،اور اب کنسورشیم نے قیمتوں میں 340فیصد اضافہ تجویز کیا ہے، کنسورشیم کے مطابق روپے کی قدر میں کمی سے لاگت بڑھ گئی ہےجبکہ سگریٹ کے استعمال میں بھی کمی آئی ہے، پاکستان ٹوبیکو کمپنی اور فلپ مورس کے حکام نے بتایا ہے کہ اگر ایف بی آر نے ٹریک اینڈٹریک سسٹم کی ٹیکس مہر کی قیمت میں اضافے کو تسلیم کر لیا تو سگریٹ کی بڑی کمپنیوں کے لیے مالی لاگت برداشت کرنا ناممکن ہو جائے گا جو ایف بی آر کی جانب سے ایف ای ڈی میں 200فیصد اضافے سے پہلے ہی خطرناک زون میں داخل ہو چکے ہیں۔