• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

امریکا کیساتھ عالمی امن و خوشحالی کیلئے کام کرنے کے خواہاں، شہباز شریف

لاہور،اسلام آباد (نمائندہ جنگ، اے پی پی) وزیراعظم شہباز شریف نے امریکی صدر جوبائیڈن کے خط کا جواب دیدیا۔ وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان امریکا کیساتھ تعلقات کو کلیدی اہمیت دیتا ہے،عالمی امن و سلامتی اور خطے کی ترقی و خوشحالی کیلئے ملکر کرنا چاہتے ہیں، دونوں ممالک توانائی، موسمیاتی تبدیلی، زراعت، صحت اور تعلیم کے شعبوں میں اہم اقدامات پر ملکر کام کررہے ہیں۔شہباز شریف کا کہنا تھا کہ دونوں ممالک کے مابین توانائی کے شعبے اور گرین الائنس اقدام میں تعاون خوش آئند ہے، پاکستان امریکا کیساتھ عالمی امن و سلامتی اور خطے کی ترقی و خوشحالی کے مشترکہ ہدف کے حصول کیلئے کام کرنے کا خواہاں ہے۔دریں اثناء وزیراعظم شہباز شریف نے ایسٹر کے تہوار پر پاکستان اور دنیا بھر کی مسیحی برادری کو دل کی گہرائیوں سے مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہہمیں فخر ہے کہ پاکستان مختلف عقائد اور ثقافتوں کا خوبصورت امتزاج ہے۔ آئیں ہم ایک روادار اور مربوط معاشرے کی تعمیر کے لیے متحد ہو کر کام کریں ۔انہوں نے کہا کہ ایسٹر کا دن ہمیں حضرت عیسیٰ علیہ السلام کے پیار، رواداری اور عفو و درگزر کے پیغام پر غور کرنے اور اسکو اپنانے کا موقع فراہم کرتا ہے، انہی اقدار کو اپناتے ہوئے ہم آج کی تنازعات سے بھری اس دنیا کو امن و آشتی کا گہوارہ بنا سکتے ہیں۔ وزیراعظم شہباز شریف نے ایسٹر کے موقع پراپنے پیغام میں کہا ہے کہ میں ایسٹر اس پرمسرت موقع پر میں پاکستان کے قیام اور اسکی سماجی و اقتصادی ترقی کی جدوجہد میں اپنی مسیحی برادری کے کلیدی کردار پر انہیں خراج تحسین پیش کرتا ہوں اور امید کرتا ہوں کہ وہ پاکستان کی ترقی اور استحکام میں اپنا فعال کردار ادا کرتے رہیں گے۔
اہم خبریں سے مزید