کوئٹہ (اسٹاف رپورٹر)کوئٹہ بار ایسوسی ایشن کے صدر قاری رحمت اللہ ایڈووکیٹ نے صوبائی حکومت اور قانون نافذ کرنے والے اداروں سے مطالبہ کیا ہے کہ زوہیب شاہ ایڈووکیٹ کی ہمشیرہ کے قاتلوں کو فوری گرفتار کرکے قرار واقعی سزا دئے کر انصاف کے تقاضے پورے کیے جائیں ۔یہ بات انہوں نے منگل کو کوئٹہ پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہی۔اس موقع پر دیگر عہدیدار بھی موجود تھے۔ قاری رحمت اللہ ایڈووکیٹ نے کہا کہ گزشتہ روز ایڈووکیٹ زوہیب شاہ کی ہمشیرہ بی بی عمیرہ کو قتل کیا گیا، ان کے بھائی ایڈووکیٹ زوہیب شاہ نے درخواست دائر کی ہے کہ مقتولہ کا گلہ دبا کر قتل کیا گیا ہے لیکن قاتل کو گرفتار کرنے کی بجائے مقتولہ کے بھائی زوہیب شاہ ایڈووکیٹ کو دھمکیاں دی جارہی ہیں انہوں نے کہ وکلابرادری اپنے ساتھی کو کسی صورت تنہا نہیں چھوڑے گی، ڈی آئی جی نصیر آباد اور ایس ایس پی کچھی تفتیش بہتر انداز میں کرائیں اگر واقعہ کی صحیح تفتیش نہیں کی اور قاتل کو گرفتار نہیں کیا گیا تو سخت احتجاجی لائحہ عمل طے کرین گے جس سے حالات کی تمام تر ذمہ داری متعلقہ حکام پر عائد ہوگی۔