اسلام آباد (محمد صالح ظافر)پاکستان مسلم لیگ نون کے قائد سابق وزیراعظم نوازشریف منگل کو سینیٹ کے انتخاب میں اپنا ووٹ ڈالنے کیلئے آئے تو انہیں سربراہ مملکت جیساپروٹوکول دیا گیا پارلیمنٹ ہاؤس کی وزیراعظم مخصوص پارکنگ سے متصل اپنی بم پروف کارمیں پہنچے تو ان کا خیرمقدم وزیراعظم شہباز شریف، وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحٰق ڈار، قانون و انصاف کے وفاقی وزیر سینیٹر اعظم نذیر تارڑ، رکن قومی اسمبلی اظہر کیانی نے کیا۔
نوازشریف کے چھوٹے صاحبزادے حسن نواز بھی انکے ہمراہ تھے۔ یہاں سے سیدھے قومی اسمبلی ہال پہنچے تو ان کی آمد پر وہاں موجود ارکان قومی اسمبلی نے ڈیسک بجا کر پرجوش خیرمقدم کیا قومی اسمبلی کے ارکان ڈاکٹر طارق فضل چوہدری اور کھیل داس کوہستانی بھی انکے ہمرکاب تھے ڈاکٹر طارق فضل سینیٹر ڈار کے پولنگ ایجنٹ کی ذمہ داری بھی ادا کررہے تھے۔