اسلام آباد (صالح ظافر) جاپان نے سکھر میں موسمی نگرانی کے ریڈار کی تنصیب کے منصوبے کےلئے ساڑھے 5ملین امریکی ڈالر کی اضافی گرانٹ کا اعلان کیا ہے جس پر 25جنوری 2021کو 13.12 ملین امریکی ڈالر کی اصل لاگت سے اتفاق کیا گیا تھا۔ اس سلسلے میں جاپانی سفیر واڈا مٹسوہرو اور سیکرٹری وزارت اقتصادی امور ڈاکٹر کاظم نیاز نے معاہدے پر دستخط کیے۔ اس موقع پر منصوبے کے ترمیم شدہ گرانٹ معاہدوں پر بھی دستخط کیے گئے۔ دریں اثناء جاپان نے سندھ میں ماں اور بچے کی صحت کی دیکھ بھال کی سہولت کی توسیع کے منصوبے کے لئے 4.43ملین امریکی ڈالر کی اضافی گرانٹ فراہم کرنے کا فیصلہ کیا ہے جس کا اعلان 31اگست 2021کو 22.76ملین امریکی ڈالر کی اصل لاگت کے ساتھ کیا گیا تھا۔