سید ضمیر جعفری
لو عید آئی لو دو پلئے میدان میں بھر بازار لگا
ہر چاہت کا سامان ہوا ہر نعمت کا انبار لگا
سب اجلا شہر امنڈ آیا شلوار سجا دستار لگا
اس بھیڑ کے بپھرے طوفاں میں جو ڈوب گیا سو پار لگا
ٹولی کے آگے ٹولا ہے ریلی کے پیچھے ریلا ہے
یارو یہ عید کا میلہ ہے
مرکز رنگیں رعنائی کا چکنا تنبو حلوائی کا
زینہ زینہ زینت سے دھرا ہے تھال پہ تھال مٹھائی کا
گردن اونچی رس گلے کی سر نیچا ہے بالائی کا
حلوائی دام بٹورنے میں سر مونڈ رہا ہے نائی کا
برفی امرتی پیڑا ہے چم چم لڈو گجریلہ ہے
یارو یہ عید کا میلہ ہے
دھندلے ترپالی منڈوے میں ناٹک نوٹنکی آئی ہے
نوبت نقارا سارنگی ڈھولک جھانجن شہنائی ہے
کل سولہ ٹیڈی پیسوں میں کس دھوم کی راس رچائی ہے
لیلیٰ کے لبوں پر سرخی ہے مجنوں کے گلے میں ٹائی ہے
یہ ہنسنے میں من موجن ہے وہ گانے میں البیلا ہے
یارو یہ عید کا میلہ ہے
اک سرکس ٹیڑھا میڑھا سا انجام تو کیا آغاز نہیں
اس ریچھ کے منہ میں دانت نہیں اس باز کی آنکھیں باز نہیں
وہ شیر کہ جس کی مونچھ تو ہے پر جست نہیں آواز نہیں
طوطا بھی خیر سے گونگا ہے شاہیں کو پر پرواز نہیں
دو بندر ٹین کے اندر ہیں ڈربے میں مرغ اکیلا ہے
یارو یہ عید کا میلہ ہے
پگڈنڈی جگ مگ منڈی ہے بانسوں پر تنبو تانے ہیں
کچھ نئے نویلے ہوٹل ہیں کچھ ریستوران پرانے ہیں
ہر ڈھنگ کے سستے کھانے ہیں ہر رنگ کے فلمی گانے ہیں
کچھ چلتے پھرتے چھوٹے چھوٹے گشتی نعمت خانے ہیں
تر حلوہ گرم کڑاہی میں دو لوٹے ہیں اک ٹھیلہ ہے
یارو یہ عید کا میلہ ہے
کیا کوچہ و در کیا کوہ و دمن گلبرگ ہیں سب گلنار ہیں سب
خوشبو میں بسے گلزار ہیں سب رنگوں سے بھرے بازار ہیں سب
بچے تو الھڑ بچے ہیں بوڑھے بھی صبا رفتار ہیں سب
پوشاک میں چوڑی دار ہیں اور اور خوراک میں مرغا مار ہیں سب
ہر سو خوشیوں کا ریلا ہے من منگلا دل تربیلا ہے
یارو یہ عید کا میلہ ہے
لو اک جی دار بساطی نے ہر چیز لگا دی چار آنے
کنگھی جاپانی چار آنے شیشہ بغدادی چار آنے
پتلی سی چھتری کے نیچے مومی شہزادی چار آنے
ہر گڑیا پڑیا باجا کھاجا ریشم کھادی چار آنے
بگلے کی چونچ میں مچھلی ہے کیلے کے ساتھ کریلا ہے
یارو یہ عید کا میلہ ہے
بچے بالے گبرو بوڑھے خوش وقت ہوئے خوش حال ہوئے
جھولوں میں جھول کے پھول بنے فٹ بال بنے بھونچال ہوئے
برقی چکر میں چکرا کر چہکے تو خوشی سے لال ہوئے
اک دھوم دھڑکی پھیرے میں سب پیسے استعمال ہوئے
سندری کے کان میں مندری ہے شوہر کی جیب میں دھیلا ہے
یارو یہ عید کا میلہ ہے