اسلام آباد (تنویر ہاشمی) فیڈرل بورڈ آف ریونیو نے کھاد، چینی اور تمباکو کی صنعت پر ٹریک اینڈ ٹریڈ سسٹم کے مکمل نفاذ میں تاخیر کے معاملے ایف بی آر کے فیلڈ فارمیشنز سے مصنوعات پر ٹیکس مہر کا ڈیٹا مانگ لیا ہے۔فیلڈ افسران کھاد، چینی اور تمباکو کی صنعت کی مصنوعات پر ثبت شدہ مہروں اور غیر تصدیق شدہ مہروں کی شرح پر رپورٹ جمع کرائیں گے، ملک بھر کے چیف کمشنرز آر ٹی او کو ٹیکس مہروں کی تصد یق، غیر تصدیق چیک کر کے پیر تک رپورٹ جمع کرانے کی ہدایت کی گئی ہے۔ ذرائع کے مطابق وزیراعظم کی جانب سے ٹریک اینڈ ٹریس سسٹم کے معاملے پر قائم کی گئی انکوائری کمیٹی نے ایف بی آر سے ٹریک اینڈ ٹریس سسٹم پر عملدرآمد سے متعلق ڈیٹا طلب کیا ہے۔ ایف بی آر کے فیلڈ دفاتر دور درازعلاقوں میں ٹیمیں بجھوا کر ٹیکس مہروں کی تصدیق اور غیر تصدیق کے حوالے سے رپوٹ جمع کروائیں گے۔ فیلڈ افسران کھاد، چینی اور تمباکو کی صنعت کی مصنوعات پر ثبت شدہ مہروں اور غیر تصدیق شدہ مہروں کی شرح پر رپورٹ جمع کرائیں گے۔ صنعت کے پانچ شعبوں میں ٹیکس چوری سے روکنے کیلئے ٹریک اینڈ ٹریس سسٹم نصب کیا جانا تھا اور اس کیلئے آئی آر ای این سکواڈ تعینات کئے گئے۔ تاہم ایف بی آر کی آئی آر این ای ٹیمیں ٹیکس مہروں کی انفورسمنٹ میں ناکام رہی ہیں۔ سابق سیکرٹری طارق باجوہ کی سربراہی میں قائم انکوائری کمیٹی نے رواں ہفتے اپنی رپورٹ وزیراعظم کو جمع کرانی ہے۔