کراچی(اسٹاف رپورٹر) ویسٹ انڈیز کی خواتین کرکٹ ٹیم اتوار کو کراچی پہنچ رہی ہے۔پاکستان کی 16 رکنی ون ڈے اسکواڈ ہفتے کو کراچی پہنچ گیا جبکہ اتوار سے 17 اپریل تک نیشنل اسٹیڈیم میں شیڈول ٹریننگ سیشن میں شرکت کرے گا۔کراچی میں کار حادثے کا شکار ہونے والی لیگ اسپنر غلام فاطمہ ابھی مکمل فٹ نہیں ہیں اس لئے انہیں آرام دیا گیا ہے تاکہ وہ کارحادثے میں لگنے والی چوٹوں سےمکمل طور پرصحت یاب ہوسکیں۔ وہ کراچی میں 20 کھلاڑیوں کے کیمپ کا حصہ تھیں ۔بسمعہ معروف کی شرکت فٹنس سے مشروط ہے۔بسمہ معروف جو اسی حادثے میں زخمی ہوئی تھیں اگلے ہفتے فٹنس ٹیسٹ دیں گی جس کے بعد ان کے انتخاب کا فیصلہ کیا جائے گاپاکستان ویمنز کرکٹ ٹیم کی کپتان ندا ڈار، عالیہ ریاض اتوار کوکراچی پہنچیں گی۔ بیٹنگ کوچ توفیق عمر اور ویمن کرکٹر بسمہ معروف 15 اپریل کو کیمپ میں رپورٹ کریں گے ۔پاکستان ویمنز ٹیم اتوارسے ٹریننگ کا آغاز کرے گی۔پاکستان ویمنز کرکٹ ٹیم دوپہر تین بجے سے شام پانچ بجے تک نیشنل اسٹیڈیم میں ٹریننگ سیشن میں حصہ لے گی۔سلیم جعفر کی سربراہی میں خواتین کی قومی سلیکشن کمیٹی نے ویسٹ انڈیز کی خواتین ٹیم کے خلاف 16 رکنی ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی اسکواڈ کا اعلان کردیا ہے جس میں پانچ کرکٹرز کی واپسی ہوئی ہے۔تین ون ڈے جو آئی سی سی ویمنز چیمپئن شپ کا حصہ ہیں 18 سے 23 اپریل کے درمیان کھیلے جائیں گے جبکہ پانچ ٹی ٹوئنٹی 26 اپریل سے 3 مئی تک ہوں گے۔ تمام آٹھ میچز کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلے جائیں گے۔ون ڈے سیریز کے لیے وکٹ کیپر بیٹرز سدرہ نواز (67 ون ڈے، 56 ٹی ٹوئنٹی) کی واپسی ہوئی ہے جبکہ ٹی ٹوئنٹی کے لیے چار کھلاڑی عائشہ ظفر (29 ون ڈے ، 20 ٹی ٹوئنٹی ) گل فیروزہ 2 ٹی ٹوئنٹی ) رامین شمیم (3 ون ڈے ، 4 ٹی ٹوئنٹی) اور طوبیٰ حسن (دونوں اسکواڈ میں منتخب ) ( ایک ون ڈے 21ٹی ٹوئنٹی ) اسکواڈ میں واپس آئی ہیں. عائشہ، گل فیروزہ اور رامین جو ٹی ٹوئنٹی اسکواڈ کا حصہ ہیں 17 اپریل سے فیصل آباد میں شروع ہونے والے ویمنز ون ڈے ٹورنامنٹ میں شرکت کریں گی۔ ٹی ٹوئنٹی سیریز سے قبل تینوں کھلاڑی قومی ٹیم کو دوبارہ جوائن کر لیں گی۔ون ڈے سیریز کے اختتام پر صدف شمس، سدرہ نواز اور وحیدہ اختر ڈومیسٹک ون ڈے ٹورنامنٹ میں شرکت کے لیے فیصل آباد چلی جائیں گی چیف سلیکٹر سلیم جعفر کا کہنا ہے کہ سلیکشن کمیٹی نے کپتان ندا ڈار اور عبوری ہیڈ کوچ کی مشاورت سے ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی سیریز کے لیے 16 رکنی اسکواڈ کو حتمی شکل دے دی ہے۔ اسکواڈ میں شامل پانچ کھلاڑی ڈومیسٹک ٹورنامنٹ میں اپنی کارکردگی اور کیمپ میں اچھی مہارت کا مظاہرہ کرنے کی وجہ سے واپس آئی ہیں۔ ویسٹ انڈیز کے خلاف سیریز ہمارے لیے اہم ہے کیونکہ یہ ون ڈے آئی سی سی ویمنز چیمپئن شپ کا حصہ ہے اور ہم ہوم سیریز میں زیادہ سے زیادہ پوائنٹس حاصل کرنا چاہتے ہیں تاکہ اگلے سال ہونے والے آئی سی سی ویمنز ورلڈ کپ کے لیے براہ راست کوالیفائی کرنے کے اپنے امکانات کو بڑھا سکیں۔