کراچی(اسٹاف رپورٹر) بین الاقوامی مرکز برائے کیمیائی و حیاتیاتی علوم (آئی سی سی بی ایس) جامعہ کراچی میں جامعہ کراچی کے اعلان کردہ پی ایچ ڈی پروگرام برائے2024ء کے تحت اتوارکو داخلہ ٹیسٹ کاخوش اُسلوبی سے انعقاد کیا گیا، داخلہ ٹیسٹ اور انٹرویو میں کامیاب امیدواروں کو جامعہ کراچی کے بین الاقومی شہرت یافتہ تحقیقی ادارے ڈاکٹر پنجوانی سینٹر برائے مالیکیو لر میڈیسن اور ڈرگ ریسرچ (پی سی ایم ڈی) اور ایچ ای جے ریسرچ انسٹی ٹیوٹ آف کیمسٹری میں داخلہ دیا جائے گا،آئی سی سی بی ایس جامعہ کراچی کے ترجمان کے مطابق پی ایچ ڈی پروگرام برائے2024ءکے تحت داخلوں کا یہ سب سے پہلا مرحلہ ہے، ترجمان کے مطابق آئی سی سی بی ایس، جامعہ کراچی کی سربراہ پروفیسر ڈاکٹر فرزانہ شاہین کی خصوصی ہدایت پر ٹیسٹ کے دوران سیکیورٹی انتظامات سمیت دیگر سہولتوں کی فراہمی کو یقینی بناگیا۔ ٹیسٹ صبح10بجے سے12بجے دوپہر کے درمیان ایل ای جے نیشنل سائینس انفارمیشن سینٹر جامعہ کراچی میں ہوا،اعلیٰ تعلیمی پروگرام کے درجنوں اُمیدواروں نے تحریری امتحان میں شرکت کی،ترجمان کے مطابق داخلہ امتحانی نتائج کا اعلان22اپریل کو بین الاقوامی مرکز اور جامعہ کراچی کی آفیشل ویب سائٹ پر کیا جائے گا جبکہ اُمیدواروں کے انٹرویو25اپریل کو ہونگے۔