• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

دو ٹیموں کی آمد، پاکستان میں ایکشن سے بھرپور انٹرنیشنل کرکٹ سیزن کا آغاز

کراچی (اسٹاف رپورٹر)پاکستان میں بھرپور انٹرنیشنل کرکٹ سیزن شروع ہونے جارہا ہے، نیوزی لینڈ کی مینز اور ویسٹ انڈین خواتین ٹیموں پاکستان پہنچ گئیں۔ تفصیلات کے مطابق پانچ ٹی ٹوئنٹی انٹر نیشنل میچوں کی سیریز کھیلنے نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم اسلام آباد پہنچی ۔ کھلاڑیوں نے اتوار کو آرام کیا۔ پاکستانی ٹیم بھی اسلام آباد پہنچ گئی اور پیر سے ٹریننگ شروع کرے گی۔ اسلام آباد ایئرپورٹ پر پی سی بی حکام نے کیویز کا استقبال کیا، مہمان اسکواڈ کو سخت سیکیورٹی میں ہوٹل پہنچایا گیا۔ نیوزی لینڈ ٹیم کا یہ دورہ 14سے 28اپریل تک 14روز پر مشتمل ہے۔ پہلا ٹی ٹوئنٹی 18 اپریل کو کھیلا جائے گا ۔ راولپنڈی اسٹیڈیم میں ابتدائی تین میچز کھیلے جائیں گے۔ جب کہ 25 اور 27اپریل کو لاہور میں2میچز کھیلے جائیں گے۔ دونوں ٹیموں کے پریکٹس سیشن 16اور 17اپریل پنڈی اسٹیڈیم میں شیڈول ہیں۔ پاکستان کے کپتان بابر اعظم اور نیوزی لینڈ کے مائیکل بریسویل پری سیریز کے فوٹو شوٹ میں حصہ لیں گے، جس کے بعد دونوں کپتان پنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں پری سیریز میڈیا کانفرنس سے خطاب بھی کریں گے۔ نیوزی لینڈ کے کھلاڑی جیمی نشیم نے سوشل میڈیا پر تصویر شیئر کی ہے اور لکھا ہے کہ ہم سالانہ دورے پر ایک بار پھر پاکستان پہنچ گئے ہیں۔ ادھر ویسٹ انڈین خواتین کرکٹ ٹیم پاکستان کے خلاف وائٹ بال سیریز کھیلنے اتوار کی صبح کراچی پہنچی۔ مہمان ٹیم کا استقبال ویمنز ونگ کی جنرل منیجر عائشہ اشعر نے کیا۔ ان کا پہلا پریکٹس سیشن پیر کو ہوگا۔ کراچی میں بارش کی وجہ سے پاکستان ٹیم کا پریکٹس سیشن منسوخ کردیا گیا۔ 3ون ڈے انٹرنیشنل اور پانچ ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچوں کی سیریز کا آغاز 18اپریل سے نیشنل اسٹیڈیم میں ہوگا۔ تین ون ڈے انٹرنیشنل میچز آئی سی سی ویمنز چیمپئن شپ کا حصہ ہیں۔ سلیم جعفر کی سربراہی میں خواتین کی قومی سلیکشن کمیٹی نے ویسٹ انڈیز کی خواتین ٹیم کے خلاف 16رکنی ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی اسکواڈ کا اعلان کرچکی ہے جس میں پانچ کرکٹرز کی واپسی ہوئی ہے۔ ون ڈے سیریز کے لیے وکٹ کیپر بیٹرز سدرہ نواز جبکہ ٹی ٹوئنٹی کیلئے عائشہ ظفر ، گل فیروزہ ، رامین شمیم اور طوبیٰ حسن واپس آئی ہیں۔ عائشہ، گل فیروزہ اور رامین جو ٹی ٹوئنٹی اسکواڈ کا حصہ ہیں17اپریل سے فیصل آباد میں شروع ہونیوالے ویمنز ون ڈے ٹورنامنٹ میں شرکت کریں گی۔ ٹی ٹوئنٹی سیریز سے قبل تینوں کھلاڑی قومی ٹیم کو دوبارہ جوائن کر لیں گی۔

اسپورٹس سے مزید