کراچی ( نصر اقبال/ اسٹاف رپورٹر) پاکستانی والی بال ٹیم کے نئے کوچ ارجنٹائن کے روبن وولوچن نے اسلام آباد میں جاری قومی کیمپ جوائن کرلیاہے۔ ان کا پہلا ٹاسک 8 مئی سے اسلام آباد میں سینٹرل ایشین والی بال چیمپئن شپ ہے جس میں پاکستان،ایران، افغانستان، سری لنکا،کرگزستان، قازقستان، بنگلہ دیش کی ٹیمیں حصہ لینگی، بھارت کی جانب سے تصدیق کا انتظار ہے۔ان کا کہنا ہے کہ فیڈریشن نے ایک سال کامعاہدہ کیا ہے جس میں توسیع ہوسکتی ہے۔ خیال رہے کہ روبن وولوچن ارجنٹینا، ایران ، مراکش، بحرین، ترکی ، جرمنی، اسپین سمیت کئی ملکوں کی ٹیموں کے ہیڈ کوچ رہ چکے ہیں۔ وہ کراچی اور لاہور بھی جاکر کھلاڑیوں کو کوچنگ دیں گے، ان کے معاہدے میں قومی سینئر اور جونیئر ٹیموں کی کوچنگ شامل ہے۔ان کا کہنا ہے کہ پاکستانی کھلاڑیوں کے ساتھ کام کرتے ہوئے زبان کا کوئی مسئلہ نہیں، کئی کھلاڑی انگریزی سمجھ لیتے ہیں، مترجم بھی ساتھ رکھا ہوا ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی کھلاڑیوں کو انٹر نیشنل والی بال لیگز کی بھی ضرورت ہے جس سے انہیں سال بھر بڑی ٹیموں اور کلبوں کے ساتھ مصروف اور خود کو فٹ رکھنے کا موقع ملتا ہے، دو تین پلیئرز کا ارجنٹائن کے کلب کے ساتھ معاہدے کی کوشش کروں گا، ایک سال میں کوشش ہوگی کہ پاکستان کی عالمی اور ایشیائی درجہ بندی میں بہتری لاسکوں۔