• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

حیدرآباد، 11 ہزار کے وی کے 40 فیڈرز بند، بجلی کا گھنٹوں بریک ڈاؤن، نظام زندگی مفلوج

حیدرآباد (بیورو رپورٹ) حیدرآباد میں بادل برس پڑے،11ہزار کے وی کے 40فیڈر بند ہونے سے شہر بھر میں بجلی کا گھنٹوں بریک ڈاؤن، نظام زندگی مفلوج ہوکر رہ گئی‘،بیشتر علاقوں میں کیچڑ جمع ہونے سے شہری پریشانی کا سامنا کرنے پر مجبور، تفصیلات کے مطابق صوبہ سندھ کے دیگر شہروں کی طرح حیدرآباد میں بھی گزشتہ روز صبح سے سارا دن بادل برستے رہے، کہیں ہلکی تو کہیں تیز بارش کے بعد موسم خوشگوار ہوگیا ، شہریوں نے اپنی فیملی اور دوستوں کے ہمراہ تفریحی مقامات کا رخ کرلیا ،دوسری جانب حیدرآباد میں حیسکو کی نااہلی کی وجہ سے بارش شہریوں کے لیے رحمت کے بجائے بجلی کی گھنٹوں بندش کی وجہ سے زحمت بن گئی، حیسکو کی جانب سے سیفٹی بنیادوں کا جواز پیش کرتے ہوئے شہر کے 11ہزار کے وی کے 40فیڈرز گھنٹوں تک بندرہے جبکہ ریجن کے 13اضلاع میں 122فیڈر گھنٹوں بجلی فراہم کرنے سے قاصر رہے۔،بجلی کی گھنٹوں بندش کی وجہ سے بیشتر علاقوں میں پانی کی عدم فراہمی کی شکایات موصول ہوتی رہیں اور نظام زندگی متاثر رہا ، دوسری جانب شہر بھرکے بیشتر علاقوں میں گھنٹوں بارش کی وجہ سے پانی جمع ہوگیا ،جبکہ بیشتر مقامات پر سڑکوں کے بیچوں بیچ پڑے گڑھے بھی بارش کے پانی سے بھر گئے جس کی وجہ سے شہریوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا، بارش کے بعد سٹی‘،قاسم آباد، لطیف آباد اور تحصیل دیہی کے بیشتر علاقوں میں کیچڑ ہوگئی،جس کی وجہ سے بچوں‘،خواتین اور شہریوں کے پھسلن کے واقعات بھی رپورٹ ہوئے۔