لاہور( نمائندہ جنگ)وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ الحمدُللّہ، حکومت پنجاب نے آج سے روٹی کی قیمت 20روپے سے کم کر کے 16روپے مقرر کر دی جبکہ نا ن کی قیمت20روپے ہوگی۔ پنجاب کے تمام اضلاع اورمتعلقہ محکموں کو ہدایت جاری کر دی ہے کہ اس فیصلے پر سختی سے عملدرآمد کو یقینی بنائیں،انہوں نے دعا کی کہ اللّہ ربّ العزت عوام کے لیے مزید آسانی فرمائے۔ وزیراعلیٰ نے بیساکھی پر پیغام میں کہا کہ بیساکھی خوشیوں سے مہکتا تہوار ہے،سب بہن بھائیوں کو مبارکباد پیش کرتی ہوں -پنجاب میں بیساکھی منانے کیلئے آنے والے سکھ بہن بھائیوں کو جی آیاں نوں کہتی ہوں - انہوں نے کہا کہ پہلے پاکستانی پھر ٹھیٹھ پنجابی ہوں، پنجاب دل میں بستا ہے۔ میرے پنجاب کا ہر فرد بیساکھی کی خوشی میں برابر کا شامل ہے -پنجابی تہوار بیساکھی کو سرکاری طور پر باقاعدہ منانے کا آغاز کررہے ہیں۔ دنیا بھر سے آنے والی سکھ برادری کے لیے حسن ابدال، ننکانہ صاحب کرتار پور اور لاہور میں بیساکھی کی خصوصی تقاریب کا اہتمام کیا گیاہے -دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ بیساکھی کی خوشیوں کو سدا قائم دائم رکھے -پنجاب میں سکھ یاتریوں کو مذہبی اور ثقافتی سیا حت کے لئے بہترین ماحول اور سہولتیں دے رہے ہیں - مریم نواز شریف نے معاشی اشاریے بہتر پر ہونے پر وزیراعظم شہباز شریف کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ قائد محمد نواز شریف کی رہنما ئی میں پاکستانی معیشت پھر ترقی کی طرف گامزن ہو رہی ہے۔مسلم لیگ ن کی حکومت معاشی پالیسیوں کے ثمرات نمایاں ہو رہے ہیں۔ بجلی کے نرخ اور مہنگا ئی کم ہونے سے عام آدمی کو ریلیف ملے گا۔ آئی ایم ایف، ایشین ڈویلپمنٹ بنک سمیت بڑے عالمی مالیاتی ادارے بھی پاکستان کی معاشی پالیسیوں کے معترف ہیں۔ شہباز شریف کی پالیسیوں کی بدولت سرمایہ کاروں کے اعتماد میں اضافہ ہو رہا ہے۔ تاریخ میں پہلی بار اسٹاک ایکسچینج 100 انڈیکس70ہزار کی نفسیاتی حد عبور کر گیا ہے۔ پاکستانیوں کیلئے بڑی خوشخبریاں منتظر ہیں۔آئندہ سال انشاءاللہ مہنگائی کی شرح کم ہو کر 12.2فیصد ہونے کاا مکان ہے۔ پہلی بار 20 کلوگرام آٹے کی قیمت میں 500روپے کی کمی ہوئی۔ آٹے کے قیمت میں مارکیٹ انڈیکیٹرز کے مطابق مزید300روپے کمی متوقع ہے۔اکنامک اینڈ سوشل سروے آف ایشیا اینڈ پیسفک ریجن نے پاکستان کے معاشی اشاریوں کو بہترین قرار دیا ہے۔اقوام متحدہ رپورٹ میں آئندہ مالی سال میں پاکستان کی اقتصادی ترقی تیزی سے آگے بڑھنے کی پیشگوئی کی ہے۔ پاکستان میں رواں اور آئندہ سال کے دوران ترقی کی شرح 2فیصد سے2.3فیصد تک بڑھے گی۔ پاکستان نے آئی ایم ایف کے ساتھ اپنا موجودہ پروگرام کامیابی سے مکمل کیا ہے۔معیشت بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کر رہی ہے اور زر مبادلہ ذخائر میں اضافہ ہو رہا ہے۔ آئی ایم ایف کے ساتھ نئے اقتصادی پروگرام سے معیشت میں مزید بہتری آئے گی۔عوام کو اپنے وزیر اعظم محمد شہباز شریف پر مکمل اعتماد ہے۔