راولپنڈی (نمائندہ جنگ) ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج راولپنڈی حاکم خان بکھر نے سابق کمشنر راولپنڈی لیاقت علی چٹھہ کے خلاف اندراج مقدمہ کی درخواست پر وکالت نامہ جمع کرائے جانے کے بعد مزید سماعت 20اپریل تک ملتوی کر دی، گزشتہ روز راجہ حسیب سلطان اور فرزانہ ممتاز ایڈووکیٹ نے سابق کمشنر کی جانب سے وکالت نامہ اور تھانہ سول لائن پولیس نے کمشنر کو جاری عدالتی نوٹسوں کا تحریری جواب عدالت میں جمع کروایا ۔ یاد رہے ارسلان احمد اور زیب فیاض ایڈووکیٹ نے سی پی او راولپنڈی اور ایس ایچ او تھانہ سول لائن کو فریق بناکر درخواست میں موقف اختیار کیا ہے کہ سابق کمشنر نے پریس کانفرنس میں 8فروری کے انتخابات میں ڈویژن بھر میں ریٹرننگ افسران کے ذریعے انتخابی بے ضابطگیوں اور دھاندلی کا باقاعدہ اعتراف کیا ۔ درخواست گزار نے پولیس کو مقدمہ کے اندراج کے لئے درخواست دی لیکن پولیس نے کوئی کارروائی نہیں کی درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ سابق کمشنر اور اس کے شریک ملزمان کے خلاف مقدمہ کے اندراج کا حکم جاری کیا جائے۔