کراچی (نیوز ڈیسک) فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر)کے ان لینڈ ریونیو سروس کےگریڈ 18کےافسر کوراولپنڈی سے اغوا کیے جانے کا انکشاف ہوا ہے۔ اغوا کاروں نے گریڈ 18 کے افسررحمت اللہ خان کو تاوان کیلئے اغوا کیا اور چھوڑنے کیلئے اہل خانہ سے ایک کروڑ روپے تاوان کا مطالبہ کیا ہے۔مغوی افسر کے بہنوئی نے بتایا کہ انہیں سندھی زبان بولنے والے ایک شخص کی طرف سے 10 ملین تاوان کیلئے کال موصول ہوئی ہے۔ اغوا کاروں نے بتایا کہ رحمت اللہ خان کچے کے علاقے میں ان کی تحویل میں ہیں۔ دریں اثنا ایف بی آر افسر کے اغوا کی ایف آئی آر درج کرلی گئی ہے، جو مغوی کے سالے محمد شفیق نے درج کروائی ہے۔ ایف آئی آر کے مطابق ان لینڈ ریونیو سروس کے گریڈ 18 کے افسر رحمت اللہ خان ایف بی آر ہیڈ کوارٹرز میں تعینات ہیں۔ ان لینڈ ریونیو سروس کے افسر کو 12 اپریل کو صبح ساڑھے گیارہ بجے نامعلوم افراد نے اغوا کیا گیا۔