کوئٹہ/اندرون بلوچستان (نمائندگان جنگ/ ایجنسیاں)بارشوں کا نیا سلسلہ پاکستان میں داخل ہوگیا،امارات سے آنیوالے بارش کے سسٹم نے بلوچستان میں تباہی مچا دی، گوادر ڈوب گیا ، پاک ایران ریلوے رابطہ منقطع، پسنی جیونی اورسربندن میں بھی شدید بارش‘نوشکی ونوکنڈی میں نشیبی علاقے زیرآب،گندم، زیرہ، پیاز کی فصلوں کو نقصان،پی ڈی ایم اے بلوچستان نے محکمہ موسمیات کی جانب سے صوبے بھر میں مزید بارشوںکی پیشگوئی کردی، تمام اضلاع کی انتظامیہ کو الرٹ رہنے کی ہدایت کردی گئی ہے ۔موسلا دھار بارشوں نے گوادر کو ایک بار پھر ڈوبا دیا۔ بارش کا پانی گھروں میں داخل ہوگیا۔نوشکی و گردونواح میں موسلادھار بارش سے نشیبی علاقے زیر آب، فصلوں کو نقصان، پاک ایران ریلوے رابطہ منقطع،کچے مکان گر گئے۔ تفصیلات کے مطابق موسلا دھار بارش نے 62بلین ڈالر سی پیک کے دل گوادر کو ایک بار پھر ڈوبا دیا۔ پانی گھروں میں داخل ہوگیا ۔ شہر کی گلیاں اور سڑکیں زیرآب آگئیں۔ گوادر شہر کے علاوہ پسنی جیونی و سربندن بھی بارشوں سے شدید متاثر ہوئے۔نوشکی کے نامہ نگار کے مطابق دودن کے وقفے کے بعد گرج چمک کے ساتھ نوشکی وگردونواح میں موسلا دھار بارش سے پورا علاقہ جھل تھل ہوگیا گندم زیرہ پیاز کی فصلوں اور انگور کے باغات کو نقصان پہنچنے سے زمینداروں کو کروڑوں روپے کا نقصان پہنچا ۔سیلابی ریلوں سے پاک ایران ریلوے ٹریک میں شگاف پڑنے سے پاک ایران ریلوے رابطہ منقطع ہوگیا۔ بارشوں اور سیلابی ریلوں سے پاک ایران قومی شاہراہ این 40 بری طرح متاثر ہونے سے ٹریفک کی روانی شدید متاثر ہوئی۔ خیصار ندی میں شدید طغیانی سے قریبی دیہاتوں کا رابطہ نوشکی سے منقطع ہو گیا ۔ نوکنڈی کے نامہ نگار کے مطابق نوکنڈی سمیت ملحقہ علاقوں دوربن چاہ ، مشکیچاہ، ریکوڈک، سائندک ،کچاؤ ، کوہ سلطان کے پہاڑی علاقے ، یک مچ اورچاغی میں گرج چمک کیساتھ موسلادھار بارش سے پورا علاقہ جل تھل ہو گیا ،ندی نالوں میں طغیانی سے نشیبی علاقے زیر آب آگئے۔