اسلام آباد( کامرس رپورٹر ) ملک میں سمگل شدہ اور غیر قانونی سگریٹ کا سالانہ شیئر ٹیکس چوری کی مد میں 310ارب روپےپرپہنچ گیا ہے،اس میں اضافہ سگریٹ پر فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی میں اضافہ اور موثر انفورسمنٹ نہ ہونے کے باعث ہوا ہے، غیر قانونی سگریٹ کا شیئر رواں مالی سال 63فیصد بڑھ چکا ہے جبکہ رواں برس قانونی سگریٹ تیار کرنیوالی کمپنیوں کا ٹیکس ادائیگی کے شیئر میں کمی واقع ہو ئی ہےان خیالات کا اظہارفلپ مورس پاکستان لمیٹڈ کے نمائندوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ، فلپ مورس نے سگریٹ کی غیرقانونی تجارت سے ٹیکس چوری کی روک تھام کے لیے فوری اقدامات کا مطالبہ کردیاہے ، فلپ مورس پاکستان لمیٹڈ کی ہیڈ آف کمیونیکیشن عندلیب عروس احمد نےبتایا کہ مالی سال 2023 میں کمپنی کی مجموعی آمدن میں 86 فیصد کمی واقع ہوئی ہے جو فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی میں اضافے کے بعد ملک میں نان ڈیوٹی ٹیکس پیڈ سگریٹ کے حجم میں غیرمعمولی اضافے کا نتیجہ ہے۔ غیرمعمولی اضافے سے ٹیکس ادا کرکے فروخت کی جانے والی سگریٹ کی قیمت میں بھی نمایاں اضافہ ہوا ہے جس سے ٹیکس چوری کرکے فروخت کی جانے والی سگریٹ اور قانونی سگریٹ کے درمیان فرق میں بھی مزید اضافہ ہوگیا ہے۔