نئی دہلی (آئی این پی)دنیا کی سب سے بڑی جمہوریت کے دعویدار ملک بھارت میں عام انتخابات کا آغاز (آج) 19اپریل سے ہورہا ہے، 7مراحل پر مشتمل انتخابات یکم جون تک ہوں گے،بھارت میں رجسٹرڈ ووٹرز کی تعداد 97کروڑ ہے جبکہ حکومت سازی کی خاطر لوک سبھا کی 543 نشستوں میں سے کسی بھی پارٹی کو 272نشستوں کی سادہ اکثریت درکار ہوتی ہے۔بھارت میں ہر پانچ سال بعد انتخابات کا انعقاد کیا جاتا ہے، جس کو دنیا میں کسی بھی ملک میں ہونے والا سب سے بڑا انتخابی معرکہ بھی قرار دیا جاتا ہے۔عالمی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق بھارت میں سات مراحل میں ہونے والے انتخابات کے پہلے مرحلے میں بدھ کی شام انتخابی مہم ختم ہو گئی، اس مرحلے میں جمعے کو 21ریاستوں کے 102حلقوں میں ووٹڈالے جائیں گے۔