کراچی (ٹی وی رپورٹ) پاکستان میں ایران کے سفیر رضا امیری مقدم نے کہا ہے کہ فلسطینیوں کی مدد امت مسلمہ پر فرض ہے، اسرائیل امریکا کے بغیر ایک مہینہ بھی نہیں رہ سکتا، پاکستان جوہری طاقت ہے اس نے ہمیشہ صیہونی مظالم کی مذمت کی، اسلامی ممالک اسرائیل کا صرف معاشی بائیکاٹ کردیں تو وہ ظالمانہ کارروائیوں سے باز آجائیگا ۔ ایک انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ ہم جنگ نہیں چاہتے لیکن اگر ہم پر جنگ مسلط کی گئی تو اس کا بھرپور جواب دیں گے ہمیں معلوم ہے کہ اسرائیل امریکا کے بغیر ایک مہینہ بھی نہیں رہ سکتا،اسرائیل کے خلاف دفاع فلسطینیوں کا حق ہے اور اس ضمن میں جتنا ممکن ہو ہم ان کی مدد کرتے رہیں گے انہوں نے واضح کیا کہ گزشتہ 6 ماہ کے دوران ہماری امداد فلسطینیوں کے ساتھ نہ ہوتی تو وہ اسرائیل کا مقابلہ نہیں کرسکتے تھے، امت مسلمہ کے ہر فرد کا فرض ہے کہ وہ اس سلسلے میں اپنا کردار ادا کرے اور ردعمل کا اظہار کرے پاکستان کے پاس تو ایٹمی ہتھیار ہے اور وہ ایک مضبوط فوج بھی رکھتا ہے ۔