کراچی (ثاقب صغیر) لانڈھی کی مانسہرہ کالونی میں غیر ملکیوں (جاپانی شہریوں)کی گاڑی پرحملہ ناکام بنادیاگیا‘دھماکے میں دو دہشت گرد ہلاک ہو گئے‘حملے میں ایک سکیورٹی گارڈ شہید جبکہ ایک سیکورٹی گارڈ اور شہری زخمی ہوا‘پانچوں غیر ملکی شہری واقعے میں محفوظ رہے ۔
تفصیلات کے مطابق مرتضیٰ چورنگی سی ون اسٹاپ کے قریب جمعہ کی صبح 6 بجکر 50منٹ پر کلفٹن زمزمہ کے علاقے سے ایکسپورٹ پراسیسنگ زون جانے والےجاپانی شہریوں پر دہشت گردوں نے حملہ کیا‘ایک دہشت گرد نے گاڑی کے قریب آ کر خود کو دھماکے سے اڑا لیا
غیر ملکیوں کے ساتھ موجود سیکورٹی گارڈز نے ملزمان کا مقابلہ کیا جبکہ اس دوران قریب موجود پولیس موبائل بھی موقع پر پہنچی،دوسرا دہشت گرد جو مسلسل فائرنگ کر رہا تھا پولیس اور سکیورٹی گارڈز کی فائرنگ سے مارا گیا جبکہ دہشت گردوں کی فائرنگ سے دو سیکورٹی گارڈ اور ایک شہری زخمی ہوا۔
ایس ایس پی ملیر طارق مستوئی کے مطابق گاڑی پرخودکش حملہ کیا گیا‘متاثرہ گاڑی کے اگلے حصے کو شدید نقصان پہنچا ہے‘گاڑیوں میں 5 جاپانی شہری سوار تھےجو محفوظ ہیں ‘غیرملکیوں کو محفوظ مقام پر منتقل کردیاگیاہے،ایک خودکش حملہ آور دھماکے میں ہلاک ہوا جبکہ اس کے ساتھی کو پولیس نے فائرنگ کرکے ہلاک کیا۔
دھماکے کی جگہ کے قریب موجود ایک گاڑی اور موٹر سائیکل کو بھی نقصان پہنچا۔پولیس حکام کا کہنا ہے کہ غیر ملکی ایکسپورٹ پروسسنگ زون میں کام کرتے ہیں‘ وین کو موٹرسائیکل پر سوار خود کش بمبار کے ذریعے نشانہ بنایا گیا۔
جائے وقوعہ پر موجود ایک سکیورٹی گارڈ نے بتایا کہ ہم تین گاڑیوں میں سوار تھے ،سب سے آگے سکیورٹی کی ہماری گاڑی تھی،پیچھے ہائی ایس میں چار غیر ملکیوں سمیت دیگر افراد تھے جبکہ اسکے پیچھے تیسری گاڑی فورچیونر میں بھی غیر ملکی تھے۔گارڈ نے بتایا کہ گزرتے ہوئے اچانک ایک دھماکہ ہوا۔ہم نے خود کو سنبھالا اور غیر ملکیوں کو تحفظ دیا۔فورچیونر گاڑی کو پیچھے دھکیل کر محفوظ کیا۔دھماکے کے بعد دہشتگردوں نے ہائی ایس پر اندھا دھند فائرنگ کی۔
طارق مستوئی کے مطابق ایک ہی گاڑی پر حملہ کیا گیا ہے ‘موٹر سائیکل پر دو دہشت گرد تھے جن میں سے ایک نے خود کش حملہ کیا۔ایک دہشت گرد نے خود کو اڑایا ایک کو پولیس اہکاروں نے نشانہ بنایا ۔ڈی آئی جی ایسٹ زون اظفر مہیسر نے بتایا کہ ایک حملہ آور نے خودکش جیکٹ پہنی ہوئی تھی۔بظاہر یہ ٹارگٹڈ کارروائی کی گئی ہے۔
ڈی آئی جی کے مطابق خود کش حملہ آور پیدل یہاں پہنچا ہے۔ڈی آئی جی نے بتایا کہ خودکش حملہ آور کا سر اور کچھ اعضاء ملےہیں۔ایڈیشنل آئی جی کراچی عمران یعقوب منہاس اور سی ٹی ڈی کے سینئر افسر راجہ عمر خطاب نے بھی جائے وقوعہ کا دورہ کیا۔