• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستان نے نیوزی لینڈ کے خلاف دوسرا ٹی 20 باآسانی 7 وکٹ سے جیت لیا

کراچی(اسٹاف رپورٹر) پاکستان نے نیوزی لینڈ کے خلاف دوسرا ٹی ٹوئنٹی انٹر نیشنل با آسانی 7وکٹ سے جیت کر سیریز میں ایک صفر کی برتری حاصل کرلی۔تیسرا میچ اتوار کی شب کھیلا جائے گا۔پہلا میچ بارش کی نذر ہوگیا تھا۔پاکستا نی بولروں کے سامنے کیوی بیٹنگ تنکوں کی طرح بکھر گئی۔12صف اول کے کھلاڑیوں کے بغیر پاکستان آنے والی نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم پاکستان کی مضبوط بولنگ کے سامنے18.1اوورزمیں صرف90رنز بناکر آوٹ ہوگئی۔کپتانی سے محروم ہونے والے شاہین آفریدی کے یارکرز کے سامنے نیوزی لینڈ کے بیٹرز بے بس دکھائی دیئے انہیں میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔جواب میں پاکستان نےہدف تین وکٹ کے نقصان پر47گیندیں پہلے عبور کرلیا۔کئی سالوں بعد ون ڈاون پر آنے والے محمد رضوان نے34گیندوں پر45ناٹ آوٹ رنز ایک چھکے اور چار چوکوں کی مدد سے بنائے۔نوجوان عرفان نیازی نےآوٹ ہوئے بغیر18گیندوں پر18رنز بنائے۔محمد رضوان ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں تیز ترین تین ہزار رنز بنانے والے بیٹسمین بن گئےانہوںنے کوہلی اور بابر اعظم کا مشترکہ رکارڈ توڑاانہوںنے 81، 81 اننگز میں تین ہزار رنز مکمل کئے تھے۔انہوں نے ورلڈ ریکارڈ کارکردگی نے 79اننگز میں مکمل کی۔پاکستانی اننگز میں بابر14عثمان خان 7اور صائم ایوب چار رنز بناکر آوٹ ہوئے۔مہمان ٹیم کےصرف چار بیٹسمین ڈبل فیگر میں داخل ہوسکے۔ بابر اعظم نے ٹاس جیت کر پہلے بولنگ کا فیصلہ کیا۔نیوزی لینڈ کی ٹیم ابتدا سے ہی مشکلات سے دوچار رہی۔شاہین شاہ آفریدی نے13رنز دے کر تین وکٹ حاصل کئے۔چار سال بعد پاکستان ٹیم میں آنے والے محمد عامر نے پہلی گیند پر وکٹ حاصل کی۔عامر، شاداب خان اور ابرار احمدنے دو، دو وکٹیں اپنے نام کیں۔اس سے قبل ٹاس جیتنے کے بعد پاکستان نے میچ کے لیے گزشتہ میچ کی فائنل الیون کو برقرار رکھا تھا۔