اسلام آ باد (آئی این پی ) پاکستان پر حملہ آور ایک اور افغان دہشت گرد بے نقاب ہوگیا۔ حال ہی میں افغانستان سے متصل شمالی وزیرستان کے سرحدی علاقے غلام خان میں پاکستان میں دہشت گردی کی غرض سے دراندازی کے دوران 7 حملہ آور مارے گئے ۔ہلاک ہونے والے دہشت گردوں میں شامل ایک افغان باشندہ نکلا جس کی شناخت ملک الدین مصباح کے نام سے ہوئی،ہلاک دہشتگردملک الدین مصباح افغانستان کے صوبے پکتیکا کا رہائشی تھا۔ اس میں کوئی دو رائے نہیں کہ پاکستان میں دہشتگردی کی واحد وجہ افغانستان کی سرزمین سے دہشت گردوں کی دراندازی ہے۔ پاکستان کی سرتوڑ کوششوں سے افغان طالبان کی جانب سے اس حوالے سے وعدے تو کیے گئے مگر ٹی ٹی پی کیخلاف کاروائی کے حوالے سے کوئی مثبت پیش رفت سامنے نہیں آئی۔ باوجود اس کے کہ دہشتگردوں کے تمام ٹھکانے افغان طالبان کے علم میں ہیں مگر وہ ان کیخلاف کوئی بھی ٹھوس کاروائی کرنے میں ناکام ہیں ۔افغان دہشتگردملک الدین مصباح کی ہلاکت اس بات کا واضح ثبوت ہے کہ پاکستان کی سرزمین پردہشتگردی کرنے کے لیے اب براہ راست افغان شہری ملوث ہو رہے ہیں جو کہ تشویش ناک پہلو ہے۔