کراچی (اسٹاف رپورٹر) قومی خواتین ون ڈے ٹورنامنٹ کے تیسرے راؤنڈ میں لاہور، راولپنڈی اور کراچی نے کامیابی حاصل کرلی۔ بوہڑانوالی گراؤنڈ میں کراچی نے کوئٹہ کو 8 وکٹوں سے ہرادیا۔ ناکام ٹیم 46.3 اوورز میں 132 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔ کراچی نے دو وکٹ پر مطلوبہ اسکور پورا کرلیا۔ یُسری عامر نے نو چوکوں کی مدد سے 70 اور عمیمہ سہیل نے 42 رنز اسکور کیے۔ جواد کلب گراؤنڈ میں راولپنڈی نے پشاور کو 39 رنز سے شکست دیدی۔ راولپنڈی کی ٹیم 45.5 اوورز میں 76 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔ پشاور کی ٹیم جواب میں صرف 37 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی ۔ کوئی بھی بیٹر ڈبل فگر میں داخل نہ ہوسکی۔ تانیہ سعید نے 10 رنز دے کر 5 وکٹیں حاصل کیں۔اقبال اسٹیڈیم میں لاہور نے ملتان کو ڈک ورتھ لوئس قانون کے تحت 94 رنز سے شکست دیدی۔ لاہور کی ٹیم 251 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔ ایمان فاطمہ نے 14 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 81 اور سائرہ جبین نے 56 رنز کی اننگز کھیلی۔ ناکام ٹیم 34 اوورز میں 8 وکٹ پر 131 رنز بنا پائی۔