کراچی/لاہور(اسٹاف رپورٹر/ایجنسیاں) ایران کے صدر ڈاکٹر ابراہیم رئیسی کی دورہ پاکستان کے دوسرے مرحلے میں لاہور اور کراچی آمد ‘ علامہ اقبال اور قائد اعظم کے مزارات پر حاضری ‘فاتحہ خوانی ‘چادر چڑھائی‘ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کے ظہرانے اور وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کے پرتکلف عشایئے میں شرکت کی جبکہ گورنر سندھ نے صدر ابراہیم رئیسی کو جامعہ کراچی کی جانب سے پی ایچ ڈی کی اعزازی ڈگری دی ۔
ایرانی صدر کا کہنا ہے کہ فلسطین کے حوالے سے اسلام آباد اور تہران کا مؤقف ایک ہے ‘ اسرائیل سے جنگ میں فلسطینی کامیاب ہوں گے‘.
انہوں نے صیہونی رجیم کو خبردار کیا کہ اگر اس نے دوبارہ ایران کی مقدس سرزمین پر حملے کی غلطی کی تو صورتحال بالکل مختلف ہوگی ‘ اسرائیلی حکومت کا خاتمہ ہوجائے گااورشاید اس کا کچھ باقی نہیں بچے گا‘ہم نے اسرائیل کو شام میں ایرانی قونصلیٹ پر حملے کی سزادی ہے ‘اس وقت انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے سب سے بڑے ذمہ دار امریکا اور مغربی ممالک ہیں ‘ان ممالک کا انسانی حقوق کے تحفظ کا دعویٰ کھوکھلا ہے‘اپنی قوم اور اپنے مجاہدوں پر ناز ہے جبکہ مریم نواز نے صدررئیسی اور ایرانی خاتون اول سے گفتگو کرتے ہوئے کہاہے کہ پاک ایران دوستی عشروں پرمحیط ہے ‘پنجاب کی ویلیو ایڈڈ لائیو سٹاک مارکیٹ میں ایران کی سرمایہ کاری کا خیرمقدم کریں گے۔
تفصیلات کے مطابق ایران کے صدر ڈاکٹر ابراہیم رئیسی دورہ پاکستان کے دوسرے مرحلے میں منگل کو لاہور پہنچے ‘ایئرپورٹ پہنچنے پرمریم نواز نے ان کا استقبال کیا۔
بعد ازاں ابراہیم رئیسی نے شاعر مشرق علامہ محمد اقبالؒ کے مزار پر حاضری دی‘پھولوں کی چادر چڑھائی اور فاتحہ خوانی کی۔
علاوہ ازیں مریم نواز نے گورنر ہاؤس میں ایران کے صدر ابراہیم رئیسی اور ان کی اہلیہ سے ملاقاتیں کیں اوروفد کے اعزاز میں ظہرانہ میں روایتی دیسی کھانوں سے تواضع کی گئی ۔ اس موقع پر وزیر اعلی پنجاب نے کہا کہ پاک ایران دوستی کی تاریخ عشروں پر محیط ہے۔
ایران کے ساتھ غربت کے خاتمے کیلئے اقتصادی منصوبوں پر کام کرنے کے خواہاں ہیں۔صنعتی، زرعی ترقی کیلئے دوطرفہ تعاون کو بڑھانے کی ضرورت ہے۔پنجاب میں ماحول دوست گرین انرجی سیکٹر میں سرمایہ کاری کے بہترین مواقع موجود ہیں۔
گورنمنٹ کالج یونیورسٹی لاہور کی فیکلٹی اور طالب علموں سے خطاب کرتے ہوئے ایران کے صدر نے کہا کہ فلسطین کے حوالے سے پاکستان اور ایران کا موقف ایک ہےپاکستان اور ایران کے درمیان توانائی سمیت دیگر شعبوں میں تعاون کو مستقبل میں مزید بڑھایا جائے گا۔
گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمان نے صدرابراہیم رئیسی سے گورنر ہاؤس لاہور میں ملاقات کی۔
گورنر پنجاب نے ایرانی صدر کو لاہور سے کراچی روانگی سے پہلے الوداع کیا۔ بعدازاں کراچی آمد پر گورنرسندھ کامران ٹیسوری اوروزیر اعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے ایرانی صدر کا ایئر پورٹ پر شاندار استقبال کیا۔
ایران کے صدر نے بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناح کے مزار پر حاضری دی، پھولوں کی چادر چڑھائی اور فاتحہ خوانی کی‘بعدازاں ان کی وزیراعلیٰ ہاؤس میں گورنر اور وزیراعلیٰ سندھ سے تفصیلی ملاقات ہوئی جبکہ گورنر سندھ نے صدر ابراہیم رئیسی کو جامعہ کراچی کی جانب سے پی ایچ ڈی کی اعزازی ڈگری دی۔ ایرانی صدر نے بزنس فورم کے شرکا سے ملاقات بھی کی۔
وزیراعلی ہاؤس سندھ میں زندگی کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والی نامور شخصیات سے خطاب کرتے صدر ڈاکٹر سید ابراہیم رئیسی نے کہا کہ ایران اپنی صلاحیتوں کا تبادلہ پاکستان کے ساتھ کرنے کے لئے تیار ہے‘ دونوں ممالک کی حکومتیں تجارتی رکاوٹیں دور کرنے کے لئے پرعزم ہیں اور اس سلسلے میں مختلف امکانات پر گفتگو ہوئی ہے‘دونوں ممالک کے عوام کی ترقی و خوشحالی کے لئے سیاسی، اقتصادی، تجارتی اور عوامی تعلقات کو بڑھانے کے لئے مشترکہ اقدامات کئے جارہے ہیں‘دونوں ممالک کے درمیان باضابطہ تجارت عوام کے بہترین مفاد میں ہے‘کوئی بھی قوت دونوں ممالک کے تاریخی تعلقات کو متاثر نہیں کرسکتی‘ایران کی قیادت اور قوم کی طرف سے پاکستانی عوام کے لئے امن و سلامتی کا پیغام لیکر آیاہوں۔ تمام مسلمان ممالک کو درپیش چیلنجوں سے نمٹنے کے لئے باہمی اتحادواتفاق پیدا کرنا ہوگا۔
فلسطین اور القدس کی آزادی امہ کی پہلی ترجیح ہے۔قبل ازیں گورنر سندھ نے وزیراعلیٰ ہاؤس میں منعقدہ تقریب میں صدر ابراہیم رئیسی کوڈاکٹریٹ کی اعزازی ڈگری دی۔
اس موقع پر جامعہ کراچی کے وائس چانسلر ڈاکٹر خالد عراقی بھی موجود تھے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کامران ٹیسوری کا کہناتھاکہ ایران اور پاکستان کے تعلقات کو مزید مضبوط کرنا چاہتا ہوں،میری کوشش ہے کہ دونوں ملکوں کے درمیان سرمایہ کاری کے لئے مزید موثر پالیسی بنائی جائے۔
سی ایم ہاؤس میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سید مراد علی شاہ نے کہا کہ بلاول بھٹو زرداری کی نظر میں خطے میں ترقی تب ہی ممکن ہے جب تمام ممالک مل کر عوام کی فلاح و بہبود کے لئے کام کریں‘خطے کی ترقی کا آغاز سندھ کی سرزمین سے ہوگا۔
پاکستان اور ایران آج تاریخ کے ایک اہم دور سے گزر رہے ہیں جہاں بھائی چارے، مل کے آگے بڑھنے اور ایک دوسرے کی اعانت کرنا ضروری ہے‘فلسطین اور کشمیر میں جاری مسلمانوں کی نسل کشی ایک لمحہ فکریہ ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ سندھ میں سرمایہ کاری کے نادر مواقع موجود ہیں اور یہاں سرمایہ کاری کے لئے محفوظ اور پرکشش مقام ہے۔
قبل ازیں سید مراد علی شاہ کی جانب سے ابراہیم رئیسی اعزاز میں وزیراعلیٰ ہاؤس میں شاندار اور پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں تقریباً 900 سے زائد معزز شخصیات نے شرکت کی۔