اسلام آباد( نمائندہ جنگ) ایف بی آر نے گریڈ 21کے افسر چیف کمشنر آئی آر ، لارج ٹیکس پیئر آفس اسلام آباد یوسف حیدر شیخ کو فوری طور پر ملازمت سے معطل کر دیا ، ایف بی آر کے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق ایل ٹی او ، اسلام آباد میں تعینات چیف کمشنر یوسف حیدر شیخ کو سول سرونٹ ایفیشنسی و ڈسپلن رولز کے تحت فوری طور پر120روز کےلیے ملازمت سے معطل کیا گیا ہے، قبل ازیں وزیرِ اعظم نے ٹیکس کیسز میں دانستہ التوا کا نوٹس لیتے ہوئے چیف کمشنر ان لینڈ ریونیو اسلام آباد اور ان کے ساتھ متعلقہ تمام افسران معطل کرنے اور انکوائری کا حکم دیا تھا ، وزیراعظم نے اسلام آباد میں ایف بی آر کے وکیل کی جانب سے عدالت میں ٹیکس کیس کی تاریخ میں تاخیر کی استدعا پر نوٹس لیاتھا ۔