• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

عالمی استعمار کے بعد علمی استعمار کیخلاف جنگ کرنا ہوگی، ایرانی خاتون اوّل

کراچی(اسٹاف رپورٹر)ایران کی خاتون اول ڈاکٹر جمیلہ عالم الہٰدی نے کہا ہے کہاسلام عفت و پاکیزگی کو اہمیت دیتا ہے، مغربی میڈیا حجاب میں خواتین کو لاچار بناکرپیش کرتا ہے،افلاطون اور روسو کے فلسفوں کی سیاسی اغراض تھیں،عالمی استعمار کےبعد علمی استعما ر کے خلاف جنگ کرناہوگی۔انہوں نے ان خیالات کا اظہار آئی بی اے کے سٹی کیمپس میں جامعہ کراچی اور خانہ فرہنگ کراچی کے کلچرل سینٹرل کے اشتراک سے ابھرتے ہوئے مسلم تمدن میں خواتین کے کردار کے موضوع پر منعقدہ سیمینار سے خطاب میں کیا۔پاکستان کی خاتون اول آصفہ بھٹو زرداری نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی،سیمینار سے ایران کے صدر ابراہیم رئیسی کی صاحبزادی ریحانہ رئیسی، جامعہ کراچی کے کلیہ معارف اسلامیہ کے ڈین پروفیسر زاہد علی زاہدی ،خانہ فرہنگ ایران کراچی کے ڈائریکٹر ڈاکٹر سعید طالبی نیا اور دیگر نے خطاب کیا،ایرانی خاتون اول کا کہنا تھا کہ دنیا بھر میں عورتیں مردوں سے آزادی کے حصول کیلیے کوشاں ہیں تو اس کے پیچھے یہ تصور ہے کہ کیپٹل ازم کے فلسفے سے آزادی اور سوشل ازم سے مساوات کا تصور لیا گیا ہے، دنیا بھر میں یہی زیر بحث ہے اور اس عمل کو میں علمی استعمار کہتی ہوں،آپ نے اور ہم نے عالمی استعمار کے خلاف جنگ کی اور اب ہم مل کر علمی استعمار کے خلاف جنگ کریں گے۔ایران میں دنیا کے نظام کے برعکس فلسفیوں کی بجائے علماء اور فقہاء کے ہاتھوں میں نظام ہے۔ایران کی خاتون اول نے کہا کہ اندلس اور اسپین کی طرح فحاشی پھیلانے کیلئے ایران پر تسلط قائم کرنے کے بعد برطانیہ نے حجاب پر پابندی عائد کردی تھی،جو کافی حد تک ایرانی معاشرے میں پھیلانے میں کامیاب رہا،انہوں نے اپنا کلچر یہاں رایج کرنے کی کوشش کی تاہم انہیں مکمل کامیابی حاصل نہ ہوسکی،شہید مدرس اور شیخ فضل اللہ نور اور علماء کرام کی جدوجہد آیت اللہ خمینی تک پہنچی، ایران اور پاکستان میں خواتین جامعات اور زندگی کے دیگر شعبوں میں یکساں فعال اور بھرپور کردار ادا کررہی ہیں،جس میں مردوں کا بھی اہم کردار ہے، ،اس موقع پر ایران کی خاتون اول جمیلہ علم الہٰدی کی کتاب کے اردو ترجمے نسوانی زندگی کا فن کی رونمائی کی گئی، اور مہمانوں کو یادگاری شیلڈز پیش کی گئیں۔
اہم خبریں سے مزید