لاہور (اے پی پی) مسلم لیگ(ن)پنجاب کے صدر رانا ثناء اللّٰہ نے کہا ہے کہ مسلم لیگ (ن) کا بیانیہ وہی رہیگا جسکی منظوری پارٹی قائد محمد نواز شریف دینگے، مسلم لیگ (ن) پنجاب نے نواز شریف کو دوبارہ پارٹی کی صدارت کا منصب سنبھالنے کی درخواست کردی، نواز شریف کی قیادت میں پارٹی مزید مقبولیت حاصل کریگی، پنجاب میں مریم نواز کی قیادت حکومت عوام کو ریلیف دینے، مہنگائی کو دور کرنے کیلئے کوشش کررہی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کے یہاں ماڈل ٹاؤن میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہو ئے کیا۔اس موقع پر مسلم لیگ (ن) کے مرکزی رہنما جاوید لطیف اور خرم دستگیر خان بھی ان کے ہمراہ موجود تھے۔ رانا ثنا اللہ نے کہا کہ2017 میں نواز شریف کو سازش کے تحت اقتدار سے ہٹایا گیا اورپارٹی کی صدارت سے الگ کیا گیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) پنجاب کی خواہش ہے کہ نواز شریف دوبارہ پارٹی کی صدارت کا منصب سنبھا لیں اور اس مشکل وقت میں پارٹی کی قیادت کریں۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں یقین ہے کہ انکی ولولہ انگیز قیادت میں مسلم لیگ (ن)پہلے سے بھی بڑھ کر مقبولیت اور اپنا مقام حاصل کریگی۔