اسلام آباد (صباح نیوز)قومی احتساب بیورو (نیب)نے ایل این جی ریفرنس واپس لے لیا جس پر سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی سمیت تمام ملزمان کو بری کر دیا گیا، مفتاح اسماعیل ،عبداللہ خاقان بھی بری ہو گئے ۔ گذشتہ روز احتساب عدالت اسلام آباد کے جج ناصر جاوید رانا نے کیس کی سماعت کی، شاہد خاقان عباسی وکلا کے ہمراہ عدالت میں پیش ہوئے۔دوران سماعت نیب کی طرف سے شاہد خاقان عباسی کے خلاف ایل این جی ریفرنس واپس لینے کیلئے درخواست دائر کی گئی۔ڈپٹی پراسیکیوٹر اظہر مقبول نے کہا کہ نیب شاہد خاقان عباسی کے خلاف ریفرنس واپس لے رہا ہے،عدالت نے نیب کی ریفرنس واپس لینے کی درخواست منظور کرلی۔بعدازاں عدالت نے نیب کی ریفرنس واپس لینے کی درخواست پر فیصلہ سناتے ہوئے شاہد خاقان عباسی سمیت تمام ملزمان کو ایل این جی ریفرنس میں بری کر دیا۔