کراچی/اسلام آباد ( اسٹاف رپورٹر/اسلام آباد )اسٹیٹ بینک کو آئی ایم ایف سے 828 ملین ایس ڈی آر (1.1ارب ڈالر) موصول ہوگئے‘ ترجمان کے مطابق 3 مئی کو ختم ہونے والے ہفتے کے دوران اسٹیٹ بینک کے زر مبادلہ ذخائر میں یہ رقم ظاہر ہوگی۔ادھر وزیراعظم شہبازشریف کا کہنا ہے کہ 1.1ارب ڈالر کی آخری قسط ملنے سے پاکستان میں مزید معاشی استحکام آئے گا‘قرض لینا کامیابی نہیں‘ کامیابی اس دن ہوگی جس دِن قرض سے نجات پائیں گے ‘پاکستان اور سعودی عرب کی معاشی شراکت داری سے دونوں برادر ممالک کے تعلقات میں ایک نئے دور کا آغاز ہوا ہے ۔منگل کوجاری بیان میں وزیراعظم کا کہناتھاکہ یہ ایس بی اے دوسر ا پروگرام ہے جو مکمل ہورہا ہے ۔ 16 ماہ کی حکومت کے دوران پاکستان کو ڈیفالٹ سے بچانے میں آئی ایم ایف سے یہ معاہدہ اہم ثابت ہوا تھا۔