لاہور(نمائندہ جنگ)وزیراعلیٰ پنجاب کی زیرصدارت کابینہ اجلاس جس میں کسان کارڈ کا اجرأ منظور،الائیڈ ہیلتھ پروفیشنلز بھرتی کرنے اور چھوٹے کاشتکاروں کو گندم پر نقد سبسڈی کا جائزہ لیا گیا، وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے کہاکہ کاشتکار کیلئے پنجاب کے سارے وسائل حاضر ہیں، مڈل مین استحصال کی اجازت نہیں دے سکتے، میری نیت ہے اللہ کی مخلوق کیلئے روٹی سستی ہو، فری ادویات کی گھروں میں فراہمی کا پروگرام مئی میں شروع کر دیا جائے گا، وزیر اعلیٰ مریم نواز کی زیر صدارت پنجاب کابینہ کا6 واں اجلاس ہوا، وزیراعلیٰ نے شادی میں ون ڈش پر پابندی پر سختی سے عملدرآمد کا حکم دیا ۔ کابینہ نے کینسر کے مریضوں کیلئے مفت ادویات بحال ، پراجیکٹ میں مزید مریض شامل کرنے اور نوازشریف کسان کارڈ اجراء کی منظوری دی۔گندم کے چھوٹے کاشتکار کو ڈائریکٹ کیش سبسڈی دینے کی تجویز کا جائزہ لیاگیاجبکہ فراہمی اور نکاسی آب کے منصوبے محکمہ لوکل گورنمنٹ کی اجازت سے مشروط کرنے ، نواز شریف آئی ٹی سٹی کیلئے 10ارب سیڈ منی دینے پر اتفاق بھی کیاگیا۔چینی کمپنیوں کو کیمپس کیلئےقائل کرنے پر سی ای او سی بی ڈی کو خراج تحسین پیش کیاگیا۔اجلاس بتایا گیا کہ ریاض سے سعودی اکیڈمی بھی کیمپس کھولنے کیلئے تیارہے۔آئی ٹی سٹی میں 10 ٹاور بنیں گے، ٹوئین ٹاور فوری بنائے جائیں گے۔ مئی میں لانچنگ کی جائے گی۔ مریم نواز نے مختلف شعبوں کے پروفیشنلزکا پول بنانے کی ہدایت کی ۔ کابینہ نے دفعہ 144 کے اختیارات ڈپٹی کمشنر کو ، عوامی نمائندوں کے انتخاب تک بلدیاتی اداروں کا چارج اے ڈی سی کو دینے ، گاڑی کیلئے پلاٹنم نمبر پلیٹ فیس 10لاکھ مقرر کرنے، پرسنلائزڈ / وینٹی نمبر پلیٹس ڈیزائن کی منظوری کیلئے افسرکی تعیناتی ،ہر منسٹری کا پرفارمنس آڈٹ کرنے کی منظوری دی ، مری میں لینڈ سلائیڈنگ سے متاثرہ افراد کی مالی امداد کیلئے فنڈز منظور کیا گیا ،10لاکھ روپے فی گھر ملیں گے۔