لاہور(جنگ نیوز)مسلم لیگ ن کے قائد میاں محمد نواز شریف نے گندم اسکینڈل پر وزیراعظم شہباز شریف کو طلب کر لیا۔ذرائع کے مطابق بحری جہاز گندم لے کر چل پڑے، منظوری بعد میں ہوئی ، 25 دن میں پہنچنے والا جہاز منظوری کے 7 روز بعد ہی پہنچ گیا،ذرائع کے مطابق قائد نوازشریف کی زیرصدارت جاتی امرا میں اجلاس ہوا جس میں ن لیگ کے قائد نے کہا کہ ملک میں گندم کا بحران پیدا کرنے والوں کو نہیں چھوڑا جائے گا۔ذرائع کا کہنا ہے کہ گندم اسکینڈل پر نوازشریف نے پیرکو وزیراعظم شہباز شریف کو طلب کرلیا اور اُسی روز شہباز شریف کی جانب سے مسلم لیگ ن کے قائد کو رپورٹ پیش کرنے کا امکان ہے۔جاتی امرا میں ہونے والے اجلاس میں نواز شریف کو بتایا گیا کہ بحری جہاز گندم لے کر چل پڑے اور منظوری بعد میں ہوئی ، 25 دن میں پہنچنے والا جہاز منظوری کے 7 روز بعد ہی بندرگاہ پر پہنچ گیا۔ اجلاس میں پنجاب میں کسانوں سے گندم خریدنے کے طریقہ کار کو بھی زیر بحث لایا گیا۔