اسلام آباد (محمد صالح ظافر/ خصوصی تجزیہ نگار) پیپلز پارٹی کے خیبرپختونخوا کیلئے نامزد صوبائی گورنر کی ہفتے کی شام پشاور میں حلف برداری کے ساتھ ہی موجودہ حکومت کے ساتھ مولانا فضل الرحمٰن کی جمعیت العلمائے اسلام کا آخری رابطہ بھی ٹوٹ گیا ہے جمعیت کےرہنما اور مولانا فضل الرحمٰن کے سمدھی حاجی غلام علی نئے گورنر فیصل کریم کنڈی کی گورنر ہاؤس میں آمد کے ساتھ سبکدوش ہوگئے ہیں انہیں پی ڈی ایم کی شہباز شریف حکومت نے گورنر متعین کیا تھا وہ ڈیڑھ سال اس منصب پر فائز رہے انکی آخری سیاسی مصروفیات گزشتہ ہفتے لاہور میں پاکستان مسلم لیگ نون کے قائد نوازشریف اور پنجاب کی وزیراعلیٰ مریم نواز شریف سے انکی اقامت گاہ پر ملاقات تھی۔ سیاسی مبصرین کا خیال ہے کہ سبکدوش گورنرکے صوبائی حکومت اور وزیراعلیٰ امین گنڈا پور کے ساتھ مراسم حد اعتدال پر تھے ۔ فیصل کریم کنڈی کے تقرر سے پیپلز پارٹی نے اپنے کارکنوں کی سرپرستی کی روایت کو برقرار رکھا ہے وہ آغاز کار سے ہی پیپلز پارٹی کیلئے سرگرم تھے اور گورنر مقرر ہونے سے پہلے اس پیپلز پارٹی کے سیکرٹری اطلاعات تھے جسکے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری ہیں اس طرح وہ بلاول کا انتخاب ہیں لائق اعتماد سیاسی حلقوں نے ’’جنگ‘‘ کو بتایا ہے کہ گورنر ہاؤس کے ساتھ پشاور کے وزیراعلیٰ ہاؤس کو اپنے تعلقات میں غیرمعمولی احتیاط سے کام لینا ہوگا۔ کنڈی نہ صرف فعال اور کریز سے باہر نکل کر کھیلنے والے کھلاڑی کی شہرت رکھتے ہیں بلکہ ڈیرہ اسمٰعیل خان کی اس سیاسی تکون کا بھرپور حصہ ہیں جس میں مولانا فضل الرحمٰن اور صوبائی وزیر اعلیٰ امین گنڈا پور انکےحریف ہیں۔ فیصل کریم کنڈی قومی اسمبلی کے ڈپٹی اسپیکررہےہیں وہ مولانا فضل الرحمٰن کو ان کی آبائی نشست ڈیرہ اسمٰعیل خان سے شکست دیکر قومی اسمبلی کے رکن بنے تھے اور یہ وہی تاریخی اور حکومتی نشست سے جہاں سے مولانا فضل الرحمٰن کے مرحوم والد مولانا مفتی محمود نےذوالفقار علی بھٹو کو 1970کے عام انتخابات میں ہرایا تھا ۔ مولانا فضل الرحمٰن دو مرتبہ قومی اسمبلی کی اس نشست سے فیصل کنڈی کو بھی ہرا چکے ہیں۔ کنڈی گنڈا پور سے بھی شکست کھا چکے ہیں فروری 2024کے انتخابات میں فیصل کنڈی نے حصہ ہی نہیں لیا تھا یہاں سے گنڈا پور جیت گئے تھے۔ وزیراعلیٰ اور انکی کابینہ کے ارکان نے صوبائی گورنر کے طورپر فیصل کنڈی کی حلیف برادری کا بائیکاٹ کرکے اپنے ارادوں کا اظہار کردیاہے انہوں نے گورنر کیلئے تہنیتی پیغام ارسال کرنے سےگریز اختیار کرکے پیغام دیا ہے کہ وہ انکے لئے خیرسگالی روا رکھنے کا ارادہ نہیں رکھتے۔