• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

آئندہ پی ایس ایل کے چار میچز بیرون ملک کرانے کی تجویز

کراچی(عبدالماجد بھٹی)آئندہ سال پہلی بار انگلینڈ میں پاکستان سپر لیگ ٹین کے فائنل سمیت چاروں پلے آف بیرون ملک کرانے کی تجویز ہے۔اس سلسلے میں آسٹریلیا اور انگلینڈکے نام زیر غور ہیں تاہم انگلینڈ میں چوں کہ پاکستانیوں کی بڑی تعداد رہتی ہے اس لئے پہلی بار ہوم آف کرکٹ کو پی ایس ایل کی میزبانی دیئے جانے کا امکان ہےاس سلسلے میں اوول لندن ،اولڈ ٹریفورڈ مانچسٹر اور ایجبسٹن برمنگھم کے نام زیر غور آئے ہیں۔نئی بین الاقوامی مارکیٹ سے پی ایس ایل کا برانڈ مزید مقبول ہوگا۔گیٹ منی سے پی سی بی کو بھاری آمدنی کی توقع ہےاور انٹر نیشنل کمیونٹی کو شامل کرکے انٹرنیشنل مارکیٹ میں ایونٹ کی ویلیو بڑھانا ہے۔تین فرنچائزوں نے پی سی بی کی تجویز مان لی ہے اور تین کو کچھ تحفظات ہیں گورننگ کونسل کی اگلی میٹنگ میں ان تحفظات کو دور کردیا جائے گا۔ذرائع کا کہنا ہے کہ 2026میں پی ایس ایل میں مزید دو ٹیموں کا اضافہ ہوجائے گااور8ٹیموں کا ٹورنامنٹ ہوگا۔پاکستان کرکٹ بورڈاگلے سال سے پاکستان سپر لیگ مستقل بنیادوں پر ایسے وقت پر کرانا چاہتا ہے جب بھارتی میں سے بڑی انٹر نیشنل لیگ ہوگی تاکہ کمرشل برانڈاور اسٹینڈنگ کا اندازہ ہوسکے۔دنیا کے جو کھلاڑی پاکستان سپر لیگ میں شرکت کریں گے ان کی ویلیو کا بھی اندازہ ہوگا۔ہر ٹیم میںایک ایک مارکی پلیئر رکھا جائےگا۔اس سے قبل پاکستان سپر لیگ ،آئی پی ایل سے پہلے ختم ہوجاتی تھی اور دنیا کے اکثر کھلاڑی پاکستان سے بھارت جاتے تھے اب بھارت جانے والے کرکٹرز پاکستان میں ایکشن میں دکھائی نہیں دیں گے۔پی سی بی غیر ملکی کرکٹرز کے معاوضوں کو پرکشش بنانے کے لئے اس میں اضافہ کرے گا۔پاکستان میںآئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کی وجہ سے پی ایس ایل 2025 کو 7 اپریل سے 20 مئی تک منعقد کرنے کی تجویزہے۔پاکستان سپر لیگ 2024 میں چھ ٹیموں میں سے چار نے اپنے ہوم وینیوز پر کم از کم پانچ میچ کھیلے۔ پہلی اننگز میں ٹیم کا اوسط اسکور 167 تھا۔ ٹورنامنٹ میں دوسو سے زائد کے 10 اسکور تھے۔ فائنل سمیت آٹھ میچوں کا فیصلہ آخری گیند پر ہوا۔میڈیا حقوق میں پچھلے میڈیا حقوق سائیکل کے مقابلے میں 45 فیصد اضافہ ہوا۔لائیو اسٹریمنگ کے حقوق میں پچھلے رائٹس سائیکل کے مقابلے میں 113 فیصد اضافہ ہوا۔بین الاقوامی میڈیا حقوق میں پچھلے حقوق کے مقابلے میں 41 فیصد اضافہ ہوا۔ 350 ملین سے زائد لائیو ناظرین تاریخ میں سب سے زیادہ تھے۔ ڈیجیٹل میڈیا میں1.5 بلین تک رسائی حاصل ہوئی جو غیرمعمولی بات ہے۔
اہم خبریں سے مزید