اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک )وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ سعودی عرب کے سرمایہ کار خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل (ایس آئی ایف سی) کے ذریعے سرمایہ کاری سے بہترین فائدہ اٹھا سکتے ہیں‘ ریاض نے ہرمشکل میں پاکستان کا ساتھ دیاہے ‘سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان ہر سطح پر پاکستان کی مدد کرنا چاہتے ہیں‘ایس آئی ایف سی کے ذریعے رکاوٹوں سے پاک کاروبار دوست ماحول فراہم کیا جائے گا‘سعودی وفد کے دورہ پاکستان سے تعلقات کے نئے دور کا آغاز ہو گا۔ وزیر اعظم ہاؤس میں شہباز شریف نے سعودی سرمایہ کاروں اور کاروباری شخصیات کے وفد کے اعزاز میں عشائیہ دیا ۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ سعودی عرب کی معیشت بہت تیزی سے ترقی کرنے والے ممالک میں شامل ہے‘ زراعت، آئی ٹی، ٹیکنالوجی سمیت کئی شعبوں میں سعودی عرب ترقی کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سعودی عرب ملازمت کے مواقع کے لیے اہم ممالک میں شامل ہے‘سعودی سرمایہ کار، پالیسی سازوں کا وفد پاکستان آیا ہوا ہے، سعودی عرب پاکستان کا 7 دہائیوں سے ساتھ دے رہا ہے اور اس نے ہر مشکل میں پاکستان کا ساتھ دیا ہے۔