• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ٹریک اینڈ ٹریس سسٹم کے نفاذ میں غفلت، وزیراعظم نے کارروائی کا حکم دیدیا

اسلام آ باد ( نمائندہ جنگ) وزیراعظم شہباز شریف کو ٹریک اینڈ ٹریڈ سسٹم کے نفاذ میں غفلت کے مرتکب افسران کی نشاندہی کرنے کیلئے قائم انکوائری کمیٹی کی رپورٹ پیش کر دی گئی۔وزیراعظم نے اس سنگین غفلت کے مرتکب افراد کے خلاف سخت محکمانہ کارروائی کی ہدایت کی ہے،ادھر کابینہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا ہے کہ سعودی وفد کا دورہ معاشی تعلقات کیلئے انتہائی اہم پیشرفت ہے۔ منگل کو ایف بی آر کے ٹریک اینڈ ٹریس سسٹم کے حوالے سے بلائے گئے اعلیٰ سطح کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئےوزیراعظم نے کہا کہ ٹریک اینڈ ٹریس سسٹم میں ناقص منصوبہ بندی اور نفاذ کے حوالے سے غفلت کی وجہ سے ملکی معیشت کو نقصان پہنچا، اتنے اہم قومی منصوبے کے نفاذ میں جلد بازی کر کے اہم شقوں کو نظر انداز کیوں کیا گیا۔وزیراعظم نے ہدایت کی کہ اس سنگین غفلت کے مرتکب افراد کے خلاف سخت محکمانہ کارروائی کی جائے ،لائسنسی کے ساتھ معاہدے پر فوراً نظر ثانی کی جائے،معاہدے میں تھرڈ پارٹی آڈٹ اور تنازعات کے حل کے متبادل نظام کے حوالے سے بھی شقیں شامل کی جائیں۔ انکوائری رپورٹ کے مطابق اس وقت کے پروجیکٹ ڈائریکٹر اور ممبر آپریشنز ان لینڈ ریونیو اس غفلت کے مرتکب پائے گئے۔ پاک کولمبیا مفاہمتی یادداشت پر دستخط کی منظوری بھی دیدی گئی۔

اہم خبریں سے مزید