راولپنڈی(راحت منیر/اپنے رپورٹرسے) ذرائع کے مطابق کھاریاں راولپنڈی موٹروے کیلئے این ایچ اے نے ابتدائی طورپر لینڈ ایکوزیشن اورسٹرکچرز کی مدمیں ایک ارب 21کروڑ88لاکھ 90ہزار301 روپےپانچ تحصیلوں میں جمع کرا دئیے ۔ذرائع کے مطابق اہم روڈ منصوبے سرکاری اداروں کی لاپرواہی و سست روی کے باعث مسلسل زیر التواء چلے آرہے ہیں۔کھاریاں راولپنڈی موٹروے منصوبہ کے سات انٹرچینج ہیں۔پہلا انٹر چینج سرائے عالمگیر میں میرپور جنکشن ممازپور/ باغ نگر پر ہوگا۔دوسرا انٹرچینج جہلم میں کالا گجراں، تیسرا دینہ میں چک عبدالخالد،چوتھا سوہاوہ (ہتھیاں)، پانچواں گوجر خان (چوک حبیب،قاضیاں)،چھٹا مندرہ کلرسیداں روڈ(کری دولال)اورساتواں روات چھنی شیر عالم کے قریب ہوگا۔منصوبہ میں گوجرخان کے22اور راولپنڈی کے دس گاؤں آرہے ہیں۔چار رویہ کھاریاں راولپنڈی موٹروے 117اعشاریہ 2کلو میٹر لمبی ہےجو کھاریاں سےروات تک ہوگی۔ کھاریاں تا سیالکوٹ موٹروے کو کھاریاں راولپنڈی موٹروے کے ساتھ منسلک کیا جائے گا۔