کراچی ( اسٹاف رپورٹر ) سپریم کورٹ اور ہائیکورٹ میں ججز تعیناتی کے خلاف درخواست کراچی رجسٹری میں دائر کردی گئی۔ سپریم کورٹ کراچی رجسٹری میں درخواست میں مرتضٰی کلہوڑو ایڈووکیٹ نے دائر کی۔ درخواست میں موقف اپنایا گیا کہ بدقسمی سے ہمارے ملک میں 1947 سے ججز تعیناتی کا کوئی قانونی معیار لاگو نہیں ہے۔ پاکستان کے پہلے دن سےججوں کو بغیر کسی مقرر کردہ معیار کے تعینات کیا جا رہا ہے۔ جوڈیشل کمیشن کے تمام ممبران کو سپریم کورٹ اور ہائی کورٹ کے ججز کی نامزدگی کے جامع طریقہ کار بنانے کی ہدایت کی جائے۔ چیئرمین جوڈیشل کمیشن فوری طور پر جوڈیشل کمیشن کا اجلاس بلاکر قوانین میں ترمیم کریں۔ ججز کی خالی آسامیوں پر فوری طور پر شفاف طریقے سے ججز تعینات کیے جائیں۔ درخواست میں جوڈیشل کمیشن آف پاکستان کو فریق بنایا گیا ہے۔