• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

گوادر میں باڑ لگانیکی مذمت کرتے ہیں‘ بی ایس او

کوئٹہ(اسٹاف رپورٹر)بلوچ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن کے وائس چیئرمین طارق بلوچ ، نعیم بلوچ ودیگر نے گوادر میں باڑ لگانے کی مذمت کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ بلوچستان کی 13 جامعات کا مالی بحران دور ، بلوچستان میں ایچ ای سی کا قیام عمل لانے کے ساتھ فیک فائنڈنگ کمیٹی بناکر طلباء اور پروفیسرز کو مشکلات سے نجات دلائی جائے ۔ طلباء تنظیمیں اساتذہ کے احتجاج میں ان کے ساتھ ہیں ،یہ بات انہوں نے جمعہ کو آغا ناصر ، اکرم بلوچ ، شاکر بلوچ ودیگر کے ہمراہ کوئٹہ پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہی ۔انہوں نے کہا کہ گوادر میں حکومت کی جانب سے باڑ لگاکر گوادر کے حقیقی لوگوں کا معاشی قتل اور ان کی زندگی کو مشکلات میں ڈالنے کی مذمت کرتے ہیں ۔بلوچستان کی 13 جامعات مالی و دیگر بحرانوں سے دو چار ہیں ، سب سے پرانی یونیورسٹی جامعہ بلوچستان کے اساتذہ اور ملازمین گزشتہ کئی ماہ سے تنخواہوں کے حصول کیلئے سڑکوں پر سراپا احتجاج ہیں لیکن کوئی شنوائی نہیں ہورہی۔ اس کے علاوہ دیگر مسائل بھی جوں کے توں ہیں لیکن صوبائی حکومت مالی مسائل سمیت دیگر مسائل کے حل کے لئے کوئی کردار ادا نہیں کررہی ۔انہوں نے کہا کہ میر چاکر رند یونیورسٹی سبی مشکلات سے دو چار جبکہ نصیر آباد یونیورسٹی کیمپس میں غیر مقامی شخص کو ڈائریکٹر تعینات کیا گیا ہے جس کی وجہ سے مسائل بڑھ رہے ہیں فوری طور پر مقامی شخص کو ڈائریکٹر تعینات کیا جائے ۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ پنجاب اور سندھ کی طرز پر بلوچستان حکومت ایچ ای سی قائم کرنے کے ساتھ جامعات کے مسائل کے حل کیلئے غیر جانبدار فیکٹ فائنڈنگ کمیٹی تشکیل دے۔
کوئٹہ سے مزید