• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

وفاقی حکومت دو ہفتوں میں موسمیاتی تبدیلی اتھارٹی قائم کرے، عدالت عظمیٰ

اسلام آباد(این این آئی) سپریم کورٹ نے موسمیاتی تبدیلی اتھارٹی دو ہفتے میں قائم کرنے کاحکم دیتے ہوئے لکھا کہ موسمیاتی تبدیلی اتھارٹی قائم نہ ہونے سے عوام کے بنیادی حقوق پر سنگین اثرات ہونگے۔ تفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ نے موسمیاتی تبدیلی اتھارٹی کے قیام کا چھ مئی کی سماعت کا تحریری حکم نامہ جاری کیا، عدالت عظمیٰ نے اپنے تحریری فیصلے میں حکم دیاکہ موسمیاتی تبدیلی کے قیام کے ساتھ حکومت اس کیلئے فنڈز کا بندوبست بھی کرے،موسمیاتی تبدیلی سے عوام کو سب سے سنگین خطرہ درپیش ہے، س معاملے کی سنگینی کے پیش نظر 2017میں موسمیاتی تبدیلی ایکٹ بنایا گیا، سات سال گزرنے کے باوجود موسمیاتی تبدیلی اتھارٹی قائم ہوئی نہ فنڈز جاری ہوسکے۔سپریم کورٹ نے اپنے حکم نامہ میں کہا کہ اٹارنی جنرل نے 21مارچ کو موسمیاتی تبدیلی کونسل اجلاس کا کہا لیکن 6مئی تک اتھارٹی قائم نہ ہوسکی، پنجاب، کے پی اور سندھ نے عدالتی حکم پر موسمیاتی تبدیلی سے نمٹنے کیلئے پالیسی مسودہ جمع کروا دیا، بلوچستان حکومت کے مطابق پالیسی منظوری کیلئے کابینہ کو بھیج دی گئی ہے۔عدالت نے کیس کی مزید سماعت 3جون تک ملتوی کر دی۔
اہم خبریں سے مزید