کراچی(اسٹاف رپورٹر) عالمی کرکٹ میں بھارتی کرکٹ ٹیم کے میچز سب سے زیادہ دیکھے جاتے ہیں، اس کے حقوق بھی مہنگے فروخت ہوتے ہیں جس سے آئی سی سی کو بھی خوب پیسہ کمانے کا موقع ملتا ہے۔ اسی بات کے پیش نظر ٹی 20 ورلڈکپ میں بھارت کے میچز پرائم ٹائم کے مطابق ایڈجسٹ کیے گئے ہیں، بھارت نے اپنا سیمی فائنل گیانا میں رکھا ہے تاکہ اس کے میچ بھارت میں پرائم ٹائم پردکھائے جائیں۔ بھارتی ٹیم سیمی فائنل میں پہنچی تو وہ جارج ٹاؤن گیانا میں 27 جون کو دوسرا سیمی فائنل کھیلے گی۔ یہ میچ صبح دس بجے اور بھارت کے پرائم ٹائم کے مطابق 8 بجے کھیلا جائے گا۔ پہلا سیمی فائنل ٹرینیڈاڈ میں شام ساڑھے 8 بجے شیڈول ہے جو بھارت میں صبح چھ بجے ہوگا۔ ورلڈ کپ کا فائنل باربا ڈوس میں مقامی وقت کے مطابق صبح دس بجے کھیلا جائے گا جو بھارت میں ساڑھے سات بجے شروع ہوگا۔