ملتان(سٹاف رپورٹر)ڈائریکٹر جنرل نیب ملتان انجینئر مسعود عالم خان کی زیر صدارت ریجنل نیب آفس ملتان میں مختلف کیسز میں نیب کی جانب سے ریکور کی گئی رقوم متعلقہ اداروں کو واپس کرنے کے لئے تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ تقریب میں ایڈیشنل سیکرٹری ایڈمن ساؤتھ پنجابمحمد فاروق کے ہمراہ محمد شاہد ڈپٹی ڈائریکٹر فوڈ ملتان نے چیف سیکرٹری پنجاب کی جانب سے اور سلیم عباس اسسٹنٹ وائس پریزیڈنٹ نیشنل بینک نے شرکت کی۔ نیب نے تحقیقات برخلاف آفیسرز و آفیشنلز محکمہ خوراک پنجاب ودیگر کیس میں کل رقم 73 ملین روپے کی ریکوری کی اور انکوائری برخلاف منتظر مہدی، محمد افضل (اے وی پی) نیشنل بینک آف پاکستان کیس میں بھی ریکوری کی گئی۔ ڈائریکٹر جنرل نیب ملتان نے محکمہ خوراک کے کیس میں 1.76 ملین روپے کا پے آڈر محمد فاروق ایڈشنل سیکرٹری ایڈمن ساؤتھ پنجاب اور نیشنل بینک آفس پاکستان کے کیس میں 0.463 ملین روپے کا پے آڈر سلیم عباس اسسٹنٹ وائس پریزیڈنٹ نیشنل بینک آف پاکستان کے حوالے کیا۔ اشتر علی چودھری اور ملک محمد جاوید پروپرائیٹر سبحان سٹی ملتان ودیگر ملزمان کیخلاف کارروائی کرتے ہوئے اب تک 230 متاثرین کی رقوم 9.08 ملین ریکور کرکے ان کے حوالے کرچکا ہے ،محمد حسن زکی اور اظہر حسین پروپرائٹر علی گارڈن ملتان کیس میں متاثرین کی ریکور کی گئی رقم 42.858 روپے بھی ان کے حوالے کی جاچکی ہے۔