ملتان (سٹاف رپورٹر) سپیشل سیکر ٹری محکمہ پرائمری و سیکنڈری ہیلتھ کئیر جنوبی پنجاب راشد ارشاد حسین نے کہا ہے کہ تمام افسران اور اہلکاران لوگوں کو بھرپور طبی سہولیات فراہم کرنے کے لئے اپنی تمام توانائیاں صرف کریں۔ لوگوں کو صحت عامہ کی سہولیات کی فراہمی میں کوئی تعطل اور رکاوٹ نہیں ہونی چاہئے۔ یہ باتیں انہوں نے جنوبی پنجاب میں تعیناتی کے بعد تعارفی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیں۔ اجلاس میں ان کو محکمہ کے طریقہ کار اور دیگر امور بارے بریفنگ دی گئی۔ انہوں نے کہا کہ جنوبی پنجاب کے تمام ہسپتالوں اور مراکز صحت پر سروس ڈیلیوری کے عمل کی موثر اور مسلسل مانیٹرنگ کی جائے،دور دراز علاقوں کے لوگوں کو ان کی دہلیز پر بروقت طبی سہولیات کی فراہمی یقینی بنانے کے لئے کلینک آن وہیلز وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کی ہدایات پر جاری کیا گیا خصوصی پراجیکٹ ہے۔ اس منصوبہ کے ثمرات ہر صورت لوگوں تک پہنچنے چاہیں۔ انہوں نے ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ لوگوں کے صحت عامہ کے متعلقہ مسائل کے فوری کے لئے اوپن ڈور پالیسی پر سختی سے عملدرآمد کیا جائے ۔ اجلاس میں ایڈیشنل سیکرٹریز قمرالزمان قیصرانی اور شاہد عباس جوئیہ، ڈپٹی سیکریٹریز شیخ محمد طاہر، صابر حسین اور سیکشن افسران شریک ہوئے۔