کراچی ( اسٹاف رپورٹر)سندھ اسمبلی میں ایوان نے ایرانی صدر ڈاکٹر ابراہم رئیسی اور ان کے رفقاءکی شہادت پر ایک تعزیتی قرارداد متفقہ طور پر منظور کرلی،ایوان میں سوگ کے طور پر ایک منٹ کی خاموشی بھی اختیار کی گئی، قرارداد میں سوگوار خاندانوں ، ایرانی حکومت اور وہاں کے عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ دکھ کی اس گھڑی میں پاکستان کے عوام اور حکومت اپنے ایرانی بھائیوں کے غم میں برابر کی شریک ہیں،قرداد وزیرداخلہ و پارلیمانی امور وزیر ضیاءالحسن لنجار نے پیش کی تھی،تفصیلات کے مطابق سندھ اسمبلی کا اجلاس پیر کو اسپیکر اویس قادر شاہ کی صدارت میں سواگھنٹے سے زائدکی تاخیر سے شروع ہوا۔کارروائی کے آغاز میں وزیر پارلیمانی امور ضیا الحسن لنجار نے اسپیکر سے درخواست کی کہ ایرانی صدر کے انتقال کے سبب آج کی کاروائی ملتوی کی جائے اور وہ ایوان میں ایک تعزیتی قرارداد پیش کرنا چاہتے ہیں،جس پر اسپیکر نے ایوان کی کارروائی کے دوران اپنا معمول کا ایجنڈا معطل کرکےانہیں قرارداد پیش کرنے کی اجازت دیدی، قرارداد پر حکومت اور اپوزیشن دونوں جانب کے ارکان نے اظہار خیا ل کیا۔