لاہور (نمائندہ جنگ) چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ نے پنجاب حکومت کو ججوں کی تعیناتی کے لیے 24 مئی تک آخری موقع دیتےہوئے سماعت ملتوی کر دی،انسداد دہشتگری عدالت راولپنڈی سے کیس دوسری عدالت میں منتقل کرنے کی پنجاب حکومت کی درخواست پر دوران سماعت عدالت نے حکم دیا کہ وزیراعلیٰ پنجاب اور کابینہ آئندہ سماعت تک نوٹیفکیشن جاری کریں، ورنہ وزیراعلیٰ خود عدالت میں پیش ہوں، ایڈووکیٹ جنرل پنجاب نے عدالت کو بتایا کہ حکومتی کمیٹی نے ججز تعینا تی کے معاملے پر وزیراعلیٰ پنجاب سے مشاورت کی، وزیراعلیٰ نے کابینہ کے آئندہ اجلاس میں اس معاملے کو ایجنڈا نمبر ون میں رکھنے کا کہا ہے،چیف جسٹس نے استفسار کیا کہ کابینہ کا آئندہ اجلاس کب ہے؟ آپ کو کابینہ کی سپیشل میٹنگ بلا لینی چاہیے تھے یا سرکولیشن کے ذریعے کر لیتے، آپ کو آج یہ کام کر کے آنا چاہیے تھا۔