اسلام آباد ( آن لائن ) وفاقی وزیر پیٹرولیم مصدق ملک نے کہا ہے کہ ایران سے ترکیہ اور عراق کی طرح بغیر پابندیوں والی گیس خریدنا چاہتے ہیں، تہران سے پابندیوں کا مسئلہ حل کرنے کے لیے کوشش کر رہے ہیں، توانائی کی مناسب قیمت پر بلا تعطل فراہمی حکومت کی ترجیحات ہے۔ ا ن خیالات کا اظہار انہوں نے پاکستان انرجی سمپوزیم سے خطاب کرتے ہوئے کیا انہوں نے کہا کہ حکومت کی ترجیحات میں توانائی کی مناسب قیمت پر بلا تعطل فراہمی ہے، توانائی کی فراہمی بڑھانے کے لئے کو شاں ہیں ۔ انہوں نے کہا پاکستان کو موسمیاتی تبدیلیوں سے بہت زیادہ مشکلات کا سامنا ہے، ہمیں موسمیاتی تبدیلیوں کو روکنے کے لیے کام کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان سالانہ 18 ارب ڈالرز سے زائد توانائی کی درآمدات میں لگا رہا ہے، ملک میں تیل و گیس کی تلاش کا کام تیز کر رہے ہیں، غیر ملکی کمپنیوں کو ملک میں سرمایہ کاری کے لیے خوش آمدید کہتے ہیں۔