اسلام آباد ( ایجنسیاں،جنگ نیوز) حکومت کی جانب سے سال2025ء تک ملک بھر میں 100نئے ای روزگار مراکز اور 10نئے سافٹ ویئر ٹیکنالوجی پارکس قائم کیے جائینگے۔ وزیراعظم شہباز شریف کے زیر صدارت انفارمیشن ٹیکنالوجی پارکس کے حوالے سے اہم اجلاس وزیراعظم ہاؤس اسلام آباد میں منعقد ہوا۔ اجلاس کو وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کام کی جانب سے آئی ٹی پارکس کے حوالے سے بریفنگ دی گئی۔اجلاس کو بتایا گیا کہ جنوبی کوریا کے تعاون سے اسلام آباد آئی ٹی پارک کا منصوبہ اگلے سال مکمل کر لیا جائیگا۔ اجلاس کے شرکاء سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ ملک کی بڑھتی ہوئی آئی ٹی کے فروغ، آئی ٹی برآمدات بڑھانے اور اسٹارٹ اپس کو سہولیات فراہم کرنے کے حوالے سے آئی ٹی پارکس کا قیام خوش آئند ہے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ اسلام آباد آئی ٹی پارک کی تعمیر کا کام جلد از جلد مکمل کیا جائے۔ وزیراعظم نے سافٹ ویئر ٹیکنالوجی پارکس کی کارکردگی کے حوالے سے تھرڈ پارٹی ایویلیوایشن کرانے کی ہدایت بھی کی۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ جنوبی کوریا کے تعاون سے اسلام آباد آئی ٹی پارک کا منصوبہ اگلے سال مکمل کر لیا جائیگا۔ اسلام آباد آئی ٹی پارک میں اسٹارٹ اپس، انکیوبیشن سینٹرز، بینکس، ریستوران اور دیگر سہولیات فراہم کی جائیں گی۔ اجلاس کو آگاہ کیا گیا کہ کراچی میں جنوبی کوریا کے تعاون سے جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے قریب انفارمیشن ٹیکنالوجی پارک کا منصوبہ 2027 تک مکمل ہوگا۔اجلاس کو مزید آگاہ کیا گیا کہ ملک کے 29 شہروں میں 43سافٹ ویئر ٹیکنالوجی پارکس قائم کیے گئے ہیں، 2025ء میں ملک بھر میں 100 نئے ای روزگار مراکز اور 10نئے سافٹ ویئر ٹیکنالوجی پارکس قائم کیے جائینگے۔ وزیراعظم شہبازشریف نے کہا ہے کہ خیبر پختونخوا ، گلگت بلتستان اور آزاد جموں و کشمیر میں بے پناہ قدرتی وسائل ہیں، ان وسائل سے صحیح طور پر فائدہ اٹھانے کی ضرورت ہے۔وزیر اعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت پاکستان میں جیمزاور قیمتی پتھروں کے شعبے کے حوالے سے اہم اجلاس وزیراعظم ہاؤس اسلام آباد میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں پاکستان میں جیمز اور قیمتی پتھروں کے شعبے کی ترقی پر غور کیا گیا۔ اجلاس میں وزیراعظم شہبازشریف نے کہا کہ خیبر پختونخوا ، گلگت بلتستان اور آزاد جموں و کشمیر میں بے پناہ قدرتی وسائل ہیں، ان وسائل سے صحیح طور پر فائدہ اٹھانے کی ضرورت ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ قیمتی پتھروں اورتیار ہونے والی مصنوعات کی بین الاقوامی سرٹیفیکیشنز پر کام کیا جائے ، عالمی نمائشوں میں پاکستانی نمائندگی یقینی بنائی جائے۔ وزیراعظم نے جیمز اینڈ جیولری ڈیولپمنٹ کمپنی کو فی الفور فعال کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ قیمتی اور نایاب پتھروں کی صنعت کے فروغ کے لئے ضروری قانون سازی کا عمل شروع کیا جائے، قیمتی پتھروں کی صنعت میں ویلیو ایڈیشن کے حوالے سے تربیتی پروگرام شروع کیے جائیں۔