• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

وزیراعظم شہباز نے میک کینسی پاکستان کے سابق ایم ڈی سلمان احمد کو اہم اقتصادی اداروں میں شامل کرلیا

اسلام آباد (جنگ نیوز) میک کینسی پاکستان کے سابق ایم ڈی اہم اقتصادی اداروں میں شامل، سلمان احمد کا میکنزی کیلئے کام کرنے کا 23سال کا تجربہ، پاکستان میں اس کا دفتر بھی قائم کیا۔ تفصیلات کے مطابق نجی شعبے سے اعلیٰ ماہرین کو شامل کرنے کی اپنی کوششوں کے ایک حصے کے طور پر وزیر اعظم شہباز شریف نے ملک کی بہتری کے لیے میک کینسی پاکستان کے سابق منیجنگ ڈائریکٹر سلمان احمد کو ان کی مہارت کو بروئے کار لانے کے لیے اہم اقتصادی اداروں میں شامل کرلیا۔ تین مختلف نوٹیفکیشنز کے ذریعے وزیر اعظم نے احمد کو بورڈ آف انوسٹمنٹ اور کاروبار کرنے میں آسانی سے متعلق امور کے لیے پرائم منسٹر ڈلیوری یونٹ (پی ایم ڈی یو) کے رکن، ان کی اکنامک ایڈوائزری کونسل (ای اے سی) کے رکن اور اعزازی حیثیت میں سرمایہ کاری کے لیے ایمبیسیڈر ایٹ لارج تقرر کردیا۔ احمد کو 17 مئی کو فوری طور پی ایم ڈی یو اور ای اے سی کا رکن مقرر کیا گیا جبکہ ان کی بطور ایمبیسیڈر ایٹ لارج تقرری 14 مئی کو ہوئی تھی۔ سلمان احمد کون ہیں؟ سلمان دنیا کی معروف مینجمنٹ کنسلٹنگ فرم میک کینسی اینڈ کمپنی میں سینئر پارٹنر تھے جہاں انہوں نے نیویارک، دبئی اور کراچی کے دفاتر میں 23 سال گزارے۔ حکمت عملی اور کارپوریٹ فنانس میں مہارت کے ساتھ احمد نے صنعتوں کی وسیع رینج میں کلائنٹ بورڈز اور سی ای اوز کو خدمات فراہم کرنے، انضمام اور حصول اور ترقی سے متعلق موضوعات کے ساتھ ساتھ کامیابی کے لیے ٹیکنالوجی اور ایچ آر قابل بنانے والوں پر قابل ذکر اثر ڈالا۔ سلمان اقتصادی ترقی میں بھی گہری دلچسپی رکھتے ہیں اور انہوں نے حکومتوں اور بڑی پبلک سیکٹر کمپنیوں کو نمو، ایچ آر یا صلاحیت سازی اور لاگت کی کارکردگی کے ذریعے مسابقت حاصل کرنے کا مشورہ دیا ہے۔ 2012 میں انہوں نے پاکستان میں میک کینسی کے دفتر کی بنیاد رکھی اور اس کے منیجنگ ڈائریکٹر کے طور پر کام کیا۔ پاکستان میں انہوں نے تعلیم، صحت کی دیکھ بھال، ٹیکنالوجی، اور مہارتوں کی ترقی سمیت مختلف شعبوں میں حکومت کی خدمت میں تبدیلی کے اثرات پیش کیے جبکہ نجی شعبے کے کلائنٹس کے لیے ان کی خدمات ٹیلی کام، بینکنگ اور مینوفیکچرنگ پر مرکوز تھیں۔ سلمان نے میساچوسٹس انسٹی ٹیوٹ آف ٹیکنالوجی سے اکنامکس میں ارتکاز کے ساتھ الیکٹریکل انجینئرنگ اور کمپیوٹر سائنس میں بیچلر (آنرز) اور ماسٹرز کی ڈگریاں حاصل کیں جہاں انہیں تدریس میں بہترین کارکردگی پر ٹکر میڈل بھی ملا۔ انہوں نے ہارورڈ بزنس اسکول سے بزنس ایڈمنسٹریشن میں اعلیٰ امتیاز (بیکر اسکالر) کے ساتھ ماسٹر کی ڈگری بھی حاصل کی۔
اہم خبریں سے مزید