• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

جو سست وہ ٹیم کا حصہ نہیں، صوبوں کو وسائل مہیا کرکے ہمارے پاس کچھ نہیں بچتا، کٹھن سفر ہے، وزیراعظم

اسلام آباد (نیوز ایجنسیاں/مانیٹرنگ ڈیسک) وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ سست روی دکھانے والا ہماری ٹیم کا حصہ نہیں ہوگا، کشکول توڑ دیا اب تجارتی اور معاشی تعاون کو اہمیت دے رہے ہیں، بیرونی سرمایہ کاری لانے میں عسکری قیادت نے اہم کر دار کیا، سعودی عرب اور یو اے ای سے سرمایہ کار ی ایس آئی ایف سی کے ذریعہ ہوگی، پاکستان کی ترقی اور خوشحالی میں آج سرمایہ کاری سہولت کونسل کلیدی کردار ادا کررہی ہے،ایس آئی ایف سی کی کارکردگی نے ناقدین کے منہ بند کر دیئے، صوبوں کو وسائل مہیا کرکے ہمارے پاس کچھ نہیں بچتا سب نے ملکر محنت کرنی ہے، یہ کٹھن سفر ہے لیکن ہم نے ترقی اور خوشحالی کی منزل حاصل کرنی ہے، ملکی ترقی کیلئے جو بھی کام کریگا وہ ہمارے سر کا تاج ہوگا۔ ان خیالات کا اظہار انھوں نےخصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل (ایس آئی ایف سی) کی اپیکس کمیٹی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں آرمی چیف جنرل عاصم منیر، وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور سمیت چاروں وزرائے اعلیٰ، وزیر اطلاعات ، وزیر خزانہ، وزیر داخلہ، وزیردفاع، وزیر منصوبہ بندی، وزارت تجارت، وزیر قانون و انصاف، وزیر آبی وسائل اور چاروں صوبائی چیف سیکرٹریز مختلف محکموں کے اعلیٰ افسران نے شرکت کی۔ وزیراعظم نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وقت کے ساتھ ساتھ ایس آئی ایف سی کی کارکردگی نے ناقدین کے منہ بند کردیئے ہیں، سعودی عرب اور یو اے ای یکسو ہیں وہ تمام سرمایہ کاری ایس آئی ایف سی کے ذریعے کرینگے، دونوں نے بڑ انویسٹمنٹ کی یقین دہانی کرائی ہے،وزیر اعظم نے کہا کہ کونسل میں صرف فوجی افسران کے نام نہیں،ملکی ترقی کیلئے جو بھی کام کریگا وہ ہمارے سر کا تاج ہوگا۔ اجلاس میں وزیراعظم کے دورہ عرب امارات کے موقع پر 10 ارب ڈالرز کی سرمایہ کاری کے بارے میں پیش رفت پر بریفنگ دی گئی اور غیر ملکی سرمایہ کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔ اجلاس میں دوست ممالک کی سرمایہ کاری پر رپورٹ پیش کی گئی اور داخلی سیکورٹی صورتحال سے بھی آگاہ کیا گیا۔ وزیر داخلہ محسن نقوی نے اینٹی اسمگلنگ پر بریفنگ دی۔وزیراعظم نے کہا ایس آئی ایف سی کے حوالے سے فوجی اور سول افسران ملکر کام کررہے ہیں، جرمن سرمایہ کاروں نے بھی ایس آئی ایف سی پر اعتماد کا اظہار کیا ہے ہم بہت جلد اپنے اہداف کو حاصل کرلینگے۔ ایس آئی ایف سی کی اہمیت نے ناقدین کے منہ پر تالا لگادیا،تجارتی اور معاشی تعاون کو اہمیت دے رہے ہیں ، ملک محنت سے ہی آگے بڑھے گا، کانٹوں سے گزرنا ہو گا کوئی ٹونا ساتھ نہیں دیگا ، سعودی عرب ہر طرح پاکستان کی مدد کیلئے تیار ہے، اپنے اہداف کو ایس آئی ایف سی کے ذریعے حاصل کرینگے۔

اہم خبریں سے مزید